فیصل آباد وولفز کو بھارتی ویزے مل گئے

فیصل آباد وولفز (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنفیصل آباد کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنز لیگ کے کوالیفائنگ مرحلے میں رکھا گیا ہے

بھارتی حکام کی جانب سے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم فیصل آباد وولفز کو ویزے جاری کیے جانے کے بعد ان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنز لیگ میں شرکت یقینی ہوگئی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی کے بعد فیصل آباد کی ٹیم کی بھارت میں 17 ستمبر سے شروع ہونے والی چیمپیئنز لیگ میں شرکت خطرے میں پڑگئی تھی۔

کہا جا رہا تھا کہ سکیورٹی کے خدشات کے سبب ٹیم کو بھارت کا ویزا جاری نہیں کیا جا سکتا تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد فیصل آباد کی ٹیم کو جمعہ کے روز ویزے جاری کر دیے گئے۔

فیصل آباد کی ٹیم اب سنیچر کو لاہور سے دبئی کے راستے دہلی روانہ ہوگی۔

اس ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے علاوہ اس کے دو ارکان سعید اجمل اور احسان عادل جو اس وقت زمبابوے میں ہیں دوسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد ہرارے سے بھارت جائیں گے۔

فیصل آباد کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنز لیگ کے کوالیفائنگ مرحلے میں رکھا گیا ہے اور اسے پہلا میچ سترہ ستمبر کو اوٹاگو کے خلاف موہالی میں کھیلنا ہے۔

اس گروپ میں دیگر دو ٹیمیں حیدرآباد سن رائزرز اور کندوراتا میرونز ہیں اور ان چار میں سے دو ٹیمیں فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

فیصل آباد وولفز پاکستان کی دوسری ٹیم ہے جسے چیمپیئنز لیگ میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ گزشتہ سال سیالکوٹ نے جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی چیمپئنز لیگ میں حصہ لیا تھا۔

بھارت نے دو ہزار آٹھ میں بھی پاکستانی ٹیم کو پہلی ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ میں مدعو کیا تھا لیکن ممبئی دھماکوں کے سبب یہ ٹورنامنٹ نہ ہوسکا تھا جس کے بعد سے پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں بھی حصہ نہیں لے سکے ہیں۔