فٹ بال کوچ جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا گیا

اٹلی کے فٹ کلب جنوا نے کوچ کو معطل کردیا ہے کیونکہ وہ مخالف ٹیم سیمپڈوریا کے تربیتی کیمپ کو جھاڑیوں کے پیچھے چھپ کر دیکھ رہے تھے۔
جنوا کی یوتھ ٹیم کے کوچ لوچا ڈی پرا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ٹیم مینیجمنٹ کی اجازت کے بغیر درخت کے پیچھے چھپ کر سیمپڈوریا کے ٹریننگ سیشن کو دیکھا۔
سیمپڈوریا کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مخالف ٹیم کا کوچ درخت کے نیچے ’ریمبو کی طرح چھپا بیٹھا تھا‘۔
ان دونوں ٹیموں کا میچ اتوار کے روز ہے۔لوچا جنوا کی ٹیم کے گول کیپر کوچ تھے۔
جنوا کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے ’کسی بھی ڈائریکٹر یا کوچنگ ٹیم کے رکن نے لوچا کو دوسری ٹیم پر جاسوسی کرنے کے لیے نہیں بھیجا تھا۔ یہ ان کا انفرادی عمل ہے۔‘
جنوا نے بیان میں مزید کہا ہے ’یہ پہلے کبھی نہیں ہوا اور نہ ہی کلب اس قسم کے کام کرتا ہے۔ لوچا کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے اور ان سے اس عمل کے بارے میں وضاحت مانگی جائے گی۔‘
لوچا جو جنوا کے سابق گول کیپر کے پوتے ہیں کو سیمپڈوریا کی ٹیم نے جب جاسوسی کرتے ہوئے دیکھا تو وہ ان کے پیچھے بھاگے۔
سیمپڈوریا نے اس واقعے کے حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے ’ہمیں پہلے سے ہی معلوم تھا کہ فٹ بال اعصاب، تکنیک اور حکمت عملی کا کھیل ہے۔ لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ اس کے لیے جاسوسی بھی کی جا سکتی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے ’پہاڑی پر ایک درخت کے نیچے ریمبو کی طرح چھپ کر بیٹھے ہوئے لوچا سیمپڈوریا کی انٹیلیجنس اور کاؤنٹر انٹیلیجنس تکنیک کو مات دینے میں ناکام رہے۔‘
سیمپڈوریا کی ویب سائٹ پر بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’تاہم جب اس شخص کو دیکھ لیا گیا اور اس کا پیچھا کر کے پکڑنے کے بعد مخالف ٹیم کے رکن کو چھوڑ دیا گیا۔‘



