آرسنل مسلسل سولہویں بار چیمپئنز لیگ میں

بائیس سالہ ویلش کھلاڑی رمزے نے اس سال کے سیزن کا آغاز بڑے پرجوش انداز میں کیا ہے
،تصویر کا کیپشنبائیس سالہ ویلش کھلاڑی رمزے نے اس سال کے سیزن کا آغاز بڑے پرجوش انداز میں کیا ہے

ایرن رمزے کے دو گولوں کے ساتھ آرسنل نے مسلسل سولہویں بار چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

مہمان ترک کلب فینیر بہچے کے ساتھ میچ میں آرسنل نے دو گول کیے اور آسانی سے کامیابی حاصل کی۔

ایرن کے دوسرے گول کے بعد آرسنل کے لیے میچ بہت آسان اور سیدھا تھا اور یہ آرسنل کی مسلسل تسیری فتح تھی اپنے ابتدائی میچ میں ایسٹن ولا کے ہاتھوں شکست کے بعد جبکہ اتوار کو آرسنل ٹوٹنہیم کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔

اس میچ میں آرسنل کی کامیابی سے یورپی فٹبال کے نگران ادارے نے بھی سکھ کا سانس لیا جو فینیر بہچے کے جیتنے کی صورت میں پریشان تھا کہ آگے مقابلے کیسے کھیل پائے گا کیونکہ کلب پر میچ فکسنگ کے الزامات کے نتیجے میں دو سال کی پابندی کا امکان ہے۔

فینیر بہچے کی اپیل بدھ کو کھیلوں کی ثالثی کی عدالت میں سنی جائے گی۔

ترک کلب نے اپنے انگلینڈ کے آٹھ دوروں میں سے صرف تین بار گول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

بائیس سالہ ویلش کھلاڑی رمزے جو گزشتہ ٹرم میں مشکلات کا شکار رہے نے اس سال کے سیزن کا آغاز بڑے پرجوش انداز میں کیا ہے۔

رمزے نے میچ ختم ہونے سے اٹھارہ منٹ پہلے دوسرا گول کیا تھا۔

اس گول کے نتیجے میں آرسنل ایک بار پھر جمعرات کو ہونے والے چیمیئنز لیگ کے ڈرا میں مسلسل سولہویں بار اپنا نام شامل کروانے میں کامیاب ہو گیا۔