ریال میڈرڈ، بارسلونا سیمی فائنل میں مدِمقابل نہیں

ریال میڈرڈ اور بارسلونا ہسپانوی فٹبال کے روایتی حریف ہیں
،تصویر کا کیپشنریال میڈرڈ اور بارسلونا ہسپانوی فٹبال کے روایتی حریف ہیں

یورپی چیمپیئنز لیگ فٹبال مقابلوں کے سیمی فائنل مرحلے کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا ہے جن کے مطابق دونوں سیمی فائنل میچوں میں ہسپانوی اور جرمن کلب مدِمقابل ہوں گے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر نیون میں ہونے والے اس فیصلے کے بعد سپین سے تعلق رکھنے والے روایتی حریف کلبوں بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے فائنل میں مدِمقابل آنے کا امکان بھی پیدا ہوگیا ہے۔

سیمی فائنل مرحلے میں بارسلونا کی ٹیم جرمن کلب بائرن میونخ کا سامنا کرے گی جبکہ ریال میڈرڈ کو لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل کا حصہ بننے کے لیے اسے جرمن فٹبال کلب بورسیا ڈورٹمنڈ کو شکست دینا ہوگی۔

یوئیفا کے حکام کے مطابق سیمی فائنل کے سلسلے میں پہلےمرحلے کے میچ 23 اور 24 اپریل اور دوسرے مرحلے کے میچ تیس اپریل اور یکم مئی کو ہوں گے۔

ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کی ٹیم کو اگرچہ کوارٹر فائنل مرحلے کے دوسرے میچ میں ترک کلب گیلاتس رائے کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی لیکن وہ بہترگول اوسط کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

استنبول میں گیلارتس رائے کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی کوارٹر فائنل ’ریٹرن لیگ‘ میں میزبان ٹیم نے ہسپانوی مخالفین کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

اس مرحلے کے پہلے میچ میں ریال میڈرڈ تین صفر سے فاتح رہی تھی اور یوں وہ مجموعی طور پر تین کے مقابلے میں پانچ گول کر کے سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار ٹھہری۔

یہ چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں ریکارڈ چوبیسواں موقع ہے کہ ریال میڈرڈ سیمی فائنل مرحلے تک پہنچی ہے۔

سیمی فائنل میں ریال میڈرڈ کی مدِ مقابل بورسیا ڈروٹمنڈ ہوگی جس نے کوارٹر فائنل میں ہسپانوی کلب مالاگا کو ہرایا تھا۔

ڈورٹمنڈ کے جنرل مینیجر ہانس جوچم وازکے نے کہا ہے کہ ’میرے خیال میں ریال میڈرڈ کی ٹیم خوفزدہ نہیں ہوگی۔ وہ ہماری عزت کریں گے بالکل ایسے ہی جیسے کہ ہم ان کی عزت کرتے ہیں۔‘

ایک اور ہسپانوی کلب بارسلونا نے پیرس سینٹ جرمین کو ’اوے گول‘ کی بنیاد پر شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی جہاں اب وہ بائرن میونخ کا سامنا کرے گی۔

بائرن کلب کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان کے کلب کا سامنا دنیا کی بہترین ٹیم سے ہے۔ کلب کے سربراہ اور سابق جرمن فٹبالر کارل ہینز کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں ہمیں دو بہت اچھے میچ دیکھنے کو ملیں گے جہاں کھیل اپنے اعلیٰ ترین معیار پر ہوگا۔

کارل ہینز کا کہنا تھا کہ بارسلونا یورپ میں ایک مثال ہے۔ وہ اس وقت یورپ کی بہترین ٹیم ہیں جس میں مخالف ٹیم کے گول پر حملہ کرنے کی بہت سے کھلاڑی شامل ہیں۔

جرمن فٹبال کلب بورسیا ڈورٹمنڈ اور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ یورپی چیمپیئنز لیگ فٹبال مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے میچ ڈروٹمنڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہسپانوی کلب مالاگا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل مرحلے کا پہلا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔

منگل کی شب کھیلے گئے میچ کے اختتامی لمحات تک مالاگا کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی لیکن میچ کے آخری منٹ میں ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

مالاگا کی جانب سے جوکوئن نے کھیل کے پچیسویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جسے چالیسویں منٹ میں جرمن کلب کے لوانسکی نے برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔

دوسرے ہاف میں بیشتر وقت دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں اور کھیل کے مقررہ وقت کے اختتام سے آٹھ منٹ قبل مالاگا کے الیسیو نے گول کر کے ہسپانوی کلب کو برتری دلوا دی جو آخری منٹ تک قائم رہی۔

ریال میڈرڈ کی جانب سے دونوں گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے
،تصویر کا کیپشنریال میڈرڈ کی جانب سے دونوں گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے

کھیل کے 90 ویں منٹ میں جب ڈورٹمنڈ کے ریئس نے گول کیا تو ایسا ظاہر ہوتا تھا کہ اب فیصلہ اضافی وقت میں ہی ہوگا تاہم اسی منٹ میں فلیپ سانتانا نے ایک اور گول کر کے ڈورٹمنڈ کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

ایک اور میچ میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کی ٹیم کو اگرچہ گیلاتس رائے کلب کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی لیکن وہ بہترگول اوسط کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

یہ چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں ریکارڈ چوبیسواں موقع ہے کہ ریال میڈرڈ سیمی فائنل مرحلے تک پہنچی ہے۔

ترکی میں گیلارتس رائے کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی کوارٹر فائنل ’ریٹرن لیگ‘ میں میزبان ٹیم نے ہسپانوی مخالفین کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

اس مرحلے کے پہلے میچ میں ریال میڈرڈ تین صفر سے فاتح رہی تھی اور یوں وہ مجموعی طور پر تین کے مقابلے میں پانچ گول کر کے سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار ٹھہری۔

ریال میڈرڈ کی جانب سے دونوں گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے۔

چیمپیئز لیگ کے سیمی فائنل کھیلنے والی باقی دو ٹیموں کا فیصلہ بدھ کو بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین اور بائرن میونخ اور یووینٹس کے مابین میچوں میں ہوگا۔