ایشز ٹیسٹ: انگلینڈ کو مشکلات کا سامنا

مانچیسٹر میں کھیلے جا رہے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے دو سو چورانوے رنز بنائے جبکہ اس کے سات کھلاڑی آوٹ ہوگئے ہیں۔
انگلینڈ کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید دو سو تیتیس رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87721" platform="highweb"/></link>
تیسرے دن آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں ایلسٹر کک، جو ناتھن ٹراٹ، ایئن بل اور کیون پیٹرسن شامل ہیں۔
انگلینڈ کی اننگز کی اب تک کی خاص بات کیون پیٹرسن کی سنچری ہے۔ انھوں نے ایک سو تیرہ رنز بنائے اور سٹارک کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔
ایلسٹر کک سات چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دو وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور جو روٹ نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔
دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے۔

اس سے پہلے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن چائے کے وقفے پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف 7 وکٹوں کے نقصان پر 527 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈیکلئیر کر دی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مائیکل کلارک اور سٹیون فِن نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور پر مذید 50 رنز کا اضافہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مائیکل کلارک نے 23 چوکوں کی مدد سے 187 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے دوسرے نمایاں بلے بازوں میں سٹیون فِن نے 89، کرس راجرز نے 84 جبکہ بریڈ ہیڈن نے 65 اور مچل سٹارک نے 66 رنز بنائے۔
بریڈ ہیڈن اور مچل سٹارک نے آٹھویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔
میچ کےدوسرے دن آسٹریلیا کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 343 رنز کے مجموعی سکور پر سٹیون فِن 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
365 رنز کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب ڈیوڈ وارنر پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے سوان نے چار جبکہ بریسنن اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے آسٹریلیا نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے تھے۔
پہلے دن کی خاص بات آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور سٹیون فِن کی شاندار بیٹنگ تھی۔
دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بنائے۔
جمعرات کو شروع ہونے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔



