ٹی20 سیریز میں پاکستان کا کلین سویپ

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان کا کامیاب دورۂ ویسٹ انڈیز اپنے اختتام کو پہنچا
،تصویر کا کیپشناس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان کا کامیاب دورۂ ویسٹ انڈیز اپنے اختتام کو پہنچا

کنگز ٹاؤن کے آرنوس ویل گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سخت مقابلے کے بعد 11 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر لیا ہے۔

میچ کے دوران پلڑا کبھی ایک ٹیم اور کبھی دوسری ٹیم کے حق میں جھکتا رہا، تاہم پاکستانی بولرز نے ایک کم سکور کا بھی کامیابی سے دفاع کر لیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88510" platform="highweb"/></link>

پاکستان نے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اووروں میں نو وکٹوں پر 124 رنز بنا سکی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی 20 میں عالمی چیمپیئن ہے۔ اب پاکستان ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان کا کامیاب دورۂ ویسٹ انڈیز اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس دورے میں پاکستان نے ٹی 20 کے علاوہ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی تین ایک سے جیت لی تھی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی اننگز میں کوئی بھی بڑی شراکت داری قائم نہ ہو سکی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

عمر اکمل 36 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ ان کے علاوہ اوپنر احمد شہزاد نے 44 رنز بنائے، تاہم انھوں نے یہ رنز 46 گیندوں پر بنائے جو ٹی 20 میں نسبتاً سست بیٹنگ سمجھی جاتی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نرائن نے 26 رنز دے کر تین جب کہ سیموئل بدری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جوابی اننگز کا آغاز تباہ کن طریقے سے ہوا۔

ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے صرف 17 رنز پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، لیکن بعد میں ڈوین براوو (35 رنز)، سنیل نرائن (28 رنز) اور کائرون پولارڈ (23 رنز) نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا۔ لیکن وہ پاکستان کی متنوع بولنگ کو مکمل طور پر زیر کرنے میں ناکام رہے۔

ایک بار پھر محمد حفیظ نےبولنگ اوپن کی اور پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار اووروں میں صرف نو رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

سہیل تنویر نے چار اووروں میں 16 رنز دے کر دو ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سعید اجمل اور ذوالفقار بابر کے حصے میں بھی دو دو وکٹیں آئیں۔

عمر اکمل نے مین آف دا میچ کا انعام حاصل کیا، جبکہ نئے کھلاڑی ذوالفقار بابر کو مین آف دا سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی تھی۔ محمد عرفان، جنید خان اور ناصر جمشید کی جگہ سہیل تنویر، اسد علی اور حارث سہیل کو شامل کیا گیا تھا۔