فکسنگ کےالزامات پر تشویش ہے: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز کے میچوں میں فکسنگ کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں آئی سی سی سے رابطے میں ہے کیوں کہ یہ معاملہ انسدادِ کرپشن اور سکیورٹی یونٹ کے دائرہ کار میں آتا ہے۔
یہ الزامات برطانوی اخبار ’میل آن سنڈے‘ کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔ اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سیریز میں فکسنگ کے حوالے سے تفتیش شروع ہونے والی ہے۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز میں پاکستان نے تین ایک سے کامیابی حاصل کی جبکہ سیریز کا تیسرا میچ برابر ہوگیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ پوری صوتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات بالکل بے بنیاد ہیں اور اس سلسلے میں بورڈ آئی سی سی سے رابطے میں ہے اور ساتھ ساتھ معاملے کی قانونی پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پی سی بی کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز کے بارے میں میڈیا میں آنے والے الزامات پر سخت تشویش ہے۔‘
پاکستان کی ٹیم نے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پہلا میچ سنیچر کو جیت لیا تھا۔



