’ محمد عامر کو ٹریننگ کی اجازت دی جائے‘

پاکستان کرکٹ بورڈ یہ سوچ رہا ہے کہ جب محمد عامر پر پابندی ختم ہو تو وہ فوراً انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی پوزیشن میں ہوں
،تصویر کا کیپشنپاکستان کرکٹ بورڈ یہ سوچ رہا ہے کہ جب محمد عامر پر پابندی ختم ہو تو وہ فوراً انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی پوزیشن میں ہوں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کو بورڈ کی فراہم کردہ ٹریننگ سہولتوں کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

آئی سی سی نے اپنے حالیہ اجلاس میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو اینٹی کرپشن کے بارے میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ محمد عامر کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر بھی غور کرے گی۔

محمد عامر سپاٹ فکسنگ میں پانچ سالہ پابندی مکمل ہونے کے بعد تین ستمبر 2015 کو پاکستانی کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا خیال ہے کہ شاید آئی سی سی نوجوان فاسٹ بولر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی فراہم کردہ ٹریننگ سے فائدہ اٹھانے کی اجازت دے دے لیکن محمد عامر قومی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کرنے کے اہل نہیں ہونگے اور نہ ہی وہ پابندی ختم ہونے سے پہلے کلب یا ڈومیسٹک کرکٹ کا کوئی میچ کھیل سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے یہ درخواست اس لیے بھی کی ہے کیونکہ محمد عامر نے پابندی کے عرصے میں ابھی تک آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

آئی سی سی نے اپنے حالیہ اجلاس میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو اینٹی کرپشن کے بارے میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لے گی
،تصویر کا کیپشنآئی سی سی نے اپنے حالیہ اجلاس میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو اینٹی کرپشن کے بارے میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ جو ہمیشہ سے محمد عامر کے لیے نرم گوشہ رکھتا آیا ہے یہ سوچ رہا ہے کہ جب محمد عامر پر پابندی ختم ہو تو وہ فوراً انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی پوزیشن میں ہوں اور انہیں ٹریننگ کے لیے مزید وقت صرف نہ کرنا پڑے۔

محمد عامر پہلے ہی اس خواہش کا اظہار کرچکے ہیں کہ وہ پابندی ختم ہونے کے بعد نئے جذبے کے ساتھ کرکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

محمد عامر کے ساتھ سپاٹ فکسنگ میں سزا پانے والے سابق کپتان سلمان بٹ بھی گزشتہ دنوں عوام سے معافی مانگتے ہوئے آئی سی سی اور پی سی بی کے بحالی کے پروگرام میں شرکت پر رضامندی ظاہر کرچکے ہیں ۔

سلمان بٹ کو دس سالہ پابندی کا سامنا ہے جن میں سے پانچ سال معطل سزا کے ہیں۔

سلمان بٹ پابندی کے دنوں میں مختلف ٹی وی چینلز پر پاکستانی ٹیموں کے میچز پر ماہرانہ تبصرے دیتے رہے ہیں جس پر آئی سی سی خوش نہیں ہے۔

سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پانے والے تیسرے کرکٹر محمد آصف ہیں۔