ہاکی ٹیم کے کوچ حنیف خان برطرف

حنیف خان ٹیم میں شامل سینیئر کھلاڑیوں کے بارے میں مختلف اوقات میں مختلف موقف کے ساتھ سامنے آتے رہے جس پر انہیں خاصی تنقید کا سامنا رہا
،تصویر کا کیپشنحنیف خان ٹیم میں شامل سینیئر کھلاڑیوں کے بارے میں مختلف اوقات میں مختلف موقف کے ساتھ سامنے آتے رہے جس پر انہیں خاصی تنقید کا سامنا رہا

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپئن حنیف خان کو ہاکی ٹیم کے کوچ کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

اس فیصلے کی وجہ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی بتائی گئی ہے۔

ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم آٹھ ٹیموں میں ساتویں نمبر پر آئی تھی جس کےبعد آئندہ ورلڈ کپ میں اس کے کوالیفائی کی صرف ایک صورت رہ گئی ہے کہ وہ ایشیا کپ جیتے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم کے منیجر اور ہیڈ کوچ اختر رسول کو ان کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے جبکہ حنیف خان کی جگہ طاہر زمان کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ حنیف خان کو جو ذمہ داری سونپی گئی تھی وہ اسے صحیح طور پر نبھا نہیں سکے اور ورلڈ کپ میں کوالیفائی کا آسان موقع ضائع کر دیا گیا۔

دوسری جانب حنیف خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی برطرفی کے بارے میں حقائق سامنے لائیں گے۔

حنیف خان لندن اولمپکس کے فوراً بعد خواجہ جنید کی جگہ ہاکی ٹیم کے کوچ بنائے گئے تھے اس سے قبل وہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔

چیف سلیکٹر کی حیثیت سے حنیف خان ٹیم میں شامل سینیئر کھلاڑیوں کے بارے میں مختلف اوقات میں مختلف موقف کے ساتھ سامنے آتے رہے جس پر انہیں خاصی تنقید کا سامنا رہا۔