ویٹوری کی واپسی کے امکانات روشن

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آف سپنر ڈینیئل ویٹوری کی سکواڈ میں قبل از وقت شمولیت سے انہیں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھلائے جانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے گیند کروانے والے ویٹوری انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے کیوی ٹیم کا تو حصہ تھے تاہم اب انہیں بروس مارٹن کے زخمی ہونے کے بعد ٹیسٹ سکواڈ میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
ویٹوری نے جولائی 2012 کے بعد سے نیوزی لینڈ کے لیے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔وہ ٹخنے کی ہڈی سے جڑے پٹھے کی چوٹ کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے مشکلات کا شکار رہے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے ہیڈنگلے میں شروع ہو رہا ہے اور پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد سیریز برابر کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کو یہ ٹیسٹ ہر صورت میں جیتنا ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے کوچ مائک ہیسن نے کہا کہ ’ویٹوری کی چوبیس گھنٹے پہلے آمد سے ہمیں یہ موقع ملا ہے کہ ہم انہیں دیکھ لیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر وہ تیار نہ ہوئے تو ہم انہیں زیادہ مشکل میں نہیں ڈالیں گے تاہم اگر ان کی فٹنس کھیلنے کی اجازت دیتی ہے تو ہمیں بہت اچھا لگے گا۔‘
360 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے ڈینیئل ویٹوری ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے بولروں میں دوسرے نمبر پر ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ تاریخ کے سب سے کامیاب لیفٹ آرم سپنر بھی ہیں۔
اگر ویٹوری ہیڈنگلے ٹیسٹ کھیلتے ہیں تو یہ ان کا ایک سو بارہواں ٹیسٹ ہوگا اور وہ سابق کیوی کپتان سٹیفن فلیمنگ کی جگہ نیوزی لینڈ کے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کرکٹر بن جائیں گے۔



