
آسکر پسٹوریئس عدالت میں پھوٹ پھوٹ کر رد دیئے
جنوبی افریقہ کے اولمپکس اور پیرا اولمپکس کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کے ایک رشتہ دار نے دعویٰ کیا ہے کہ پسٹوریئس نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کو قتل نہیں کیا ہے۔
آسکر پسٹوریئس کے چچا آرنلڈ پسٹوریئس نے کہا کہ ان کے بھتیجا صدمے سے نڈھال ہے اور انہوں نے اپنی گرل فرینڈ کو کسی منصوبے کے تحت قتل نہیں کیا۔
آسکر پسٹوریئس کی بہن کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آرنلڈ پسٹوریئس نے کہا کہ ان کا خاندان ریوا سٹین کیمپ کا بہت خیال اور قدر کرتا تھا۔
جنوبی افریقہ کی پولیس نے آسکر پسٹوریئس پر باضابطہ الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنی گرل فرینڈ کو قتل کیا ہے۔
عدالت میں جب آسکر پسٹوریئس پر باضابطہ الزام عائد کیا جا رہا تھا تو وہ زار و قطار رونے لگا۔
پسٹوریئس کو ’بلیڈ رنر‘ کہا جاتا ہے اور وہ دونوں ٹانگوں سے محروم واحد ایتھلیٹ ہیں جنھوں نے اولمپکس میں حصہ لیا ہے۔
کیپ ٹاؤن میں بی بی سی کے نامہ نگار پیٹر بائلز کہتے ہیں کہ اس خبر نے ملک بھر کو چونکا کر رکھ دیا ہے کیوں کہ پسٹوریئس کو جنوبی افریقہ کے قومی ہیروؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔

آسکر نے اولمپک میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی
پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کی صبح ایک 30 سالہ خاتون کو دارالحکومت کے بوشکاپ علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
خاتون کو سر اور جسم کے اوپری حصے میں چوٹیں آئیں۔ جب پولیس موقعے پر پہنچی تو طبی عملہ وہاں موجود تھا، لیکن خاتون دم توڑ چکی تھیں۔ وقوعے سے نو ملی میٹر کا پستول برآمد کیا گیا۔
جنوبی افریقہ ان ممالک میں شامل ہے جن میں جرائم کی شرح بہت بلند ہے، اور بہت سے لوگ اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں اسلحہ رکھتے ہیں۔
پسٹوریئس کاربن فائبر کی بنی ٹانگیں پہن کر دوڑ میں حصہ لیتے ہیں۔ پیدائشی طور پر ان کی دونوں ٹانگوں میں فبولا ہڈی نہیں تھی۔
وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں 400 میٹر کی دوڑ میں سیمی فائنل تک پہنچے تھے۔ پیرالمپکس میں انھوں نے T44 200 میں چاندی کا تمغا، 4x100 ریلے میں سونے کا تمغا، اور T44 400 میں سونے کا تمغا جیت کر پیرالمپک ریکارڈ قائم کیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی کھیلوں کی تنظیم اور اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ ان سے اس بارے میں سوال پوچھ رہے ہیں لیکن وہ کوئی تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔






























