
ہربھجن سنگھ بھارت کے بہترین بولر رہے
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے گروپ اے کے آخری میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو نوے رنز سے ہرا دیا ہے۔
ایک سو اکہتر رنز کے تعاقب میں برطانوی ٹیم صرف اسّی رن بنا کر آوٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کے کامیاب ترین بلے باز پینتیس رنز کے ساتھ اوپنر کریگ کیزوٹر رہے۔ ان کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکے۔
بھارت کی جانب سے پیوش چاؤلہ اور عرفان پٹھان نے دو دو جبکہ ہربھجن سنگھ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اشوک ڈنڈا نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ انگلینڈ کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بد ترین سکور ہے۔ اس میچ سے قبل انگلینڈ کا کم ترین سکور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ہزار گیارہ میں اٹاسی رنز تھا۔
بھارت نے اپنی اننگز میں مقررہ بیس اووز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ایک سو ستّر رنز بنائے ہیں۔
بھارتی اننگز کی خاص بات روہت شرما کی ناقابلِ شکست نصف سنچری تھی۔ انہوں نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے پچپن رنز کی اننگز کھیلی۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔
بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان اور گوتم گمبھیر نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے چوبیس رنز کی شراکت قائم کی۔
اس شراکت کا خاتمہ سٹیون فن نے تیسرے اوور میں عرفان پٹھان کو آؤٹ کر کے کیا۔ گمبھیر نے دوسری وکٹ کے لیے ویرات کوہلی کے ساتھ مل کر مزید ستاون رنز بنائے۔
کوہلی آؤٹ ہونے والے دوسرے بھارتی بلے باز تھے، انہیں چالیس کے انفرادی سکور پر گریم سوان نے کیچ کروایا۔

روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست نصف سنچری بنائی
گوتم گمبھیر نے پینتالیس رن بنائے، انہیں آؤٹ کر کے سٹیون فن نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔ کپتان مہندر دھونی نو رن بنا سکے۔
یہ دونوں ٹیموں کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دوسرا میچ ہے۔ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو تئیس رنز سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے افغانستان کے ہی خلاف ایک سو سولہ رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
گروپ اے سے یہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
اس میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور سمِت پٹیل کی جگہ ٹم بریسنن کو کھلایا ہے۔
بھارتی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایشون، ظہیر خان اور وریندر سہواگ ٹیم میں شامل نہیں جبکہ اشوک ڈنڈا اور پیوش چاؤلہ، ہربھجن سنگھ کی واپسی ہوئی ہے۔
انگلینڈ اس وقت ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا دفاعی چیمپیئن ہے جبکہ بھارت کو ان مقابلوں کا افتتاحی ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔






























