اینڈریو سٹراس عالمی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے

آخری وقت اشاعت:  بدھ 29 اگست 2012 ,‭ 15:36 GMT 20:36 PST

انڈرو سٹرائس نے ٹیسٹ کرکٹ میں چالیس اشاریہ اکانوے کی اوسط سے سات ہزار سینتیس رنز بنائے اور وہ انگلستان کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں نویں نمبر پر ہیں۔

برطانیہ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پینتیس سالہ بلے باز نے انگلینڈ کے لیے کل ایک سو ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے پچاس میں انہوں نے کپتانی کے فرائض سرانجام دیے۔

بدھ کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اینڈریو سٹراس نے اس تاثر کو رد کیا کہ کیون پیٹرسن کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد جو تنازع کھڑا ہوا وہ ان کے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کی وجہ بنا۔

انھوں نے کہا کہ’کرکٹ چھوڑنے کی وجہ میری خراب بیٹنگ تھی۔ میں عرصے سے ٹھیک طرح بیٹنگ نہیں کر پایا۔ میرے خیال میں جتنا کر سکتا تھا میں نے کر لیا۔‘

اینڈریو سٹراس نے ٹیسٹ کرکٹ میں چالیس اعشاریہ اکیانوے کی اوسط سے سات ہزار سینتیس رنز بنائے اور وہ انگلستان کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں نویں نمبر پر ہیں۔

سٹراس مائیکل وان کے بعد انگلستان کا دوسرے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان تھے۔

انھوں نے ملک کے اندر اور باہر ایشز سیریز میں ٹیم کو کامیابی دلوائی اور ان کی کپتانی میں ہی انگلستان کی ٹیم پہلی مرتبہ دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ کرکٹ ٹیم بنی۔

"’میں نے کرکٹ میں جو بھی کامیابیاں حاصل کیں مجھے اس پر فخر ہے۔ میری خوش قسمتی ہے کہ میں ایسے وقت میں کرکٹ کھیلا جب بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی اور میں ہر لمحے سے لطف اندوز ہوا ‘ انڈرو سٹرائس"

انھوں نے کہا کہ ’میں نے کرکٹ میں جو بھی کامیابیاں حاصل کی ہیں مجھے ان پر فخر ہے۔ میری خوش قسمتی ہے کہ میں ایسے وقت میں کرکٹ کھیلا جب بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی اور میں ہر لمحے سے لطف اندوز ہوا ‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ اچانک نہیں ہوا بلکہ وہ کئی مہینوں سے اس بارے میں سوچ رہے تھے۔ سٹراس نے کہا کہ ’میرا سر بلند ہے اور میں اپنی شرائط پر جا رہا ہوں اور میرے خیال میں یہ جانے کا صحیح وقت ہے‘۔

نومبر میں بھارت کے خلاف ہونے والی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ان کی جگہ ایک روزہ ٹیم کے کپتان الیسٹر کُک پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

نئے کپتان الیسٹر کُک نے اینڈریو سٹراس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ’مجھ پر ایک بڑی ذمہ داری آنے والی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ میں نے اپنے پورے کرکٹ دور میں ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے جاتا تھا لیکن بدقسمتی اب مجھے پہلی گیند کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>