انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف فتح

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

ایئن مورگن کی نواسی رن کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے اپنے روائتی حریف آسٹریلیا کو لندن کے لارڈز کرکٹ گراونڈ پر کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پندرہ رن سے شکست دے دی ہے۔

مورگن نے صرف تریسٹھ گیندوں پر نواسی رن بنائے جس کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم دو سو بہتر رن بنانے میں کامیاب ہو سکی اور اس طرح آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے دو سو تہتر رن کا ہدف ملا۔

ایک ایسے دن جب لارڈز کے میدان میں کھیل کے آغاز میں بارش کی وجہ سے کئی مرتبہ خلل پڑا اور اس کے بعد تیز ہوائیں چلتی رہیں انگلینڈ کے لیے ٹاس ہار کر آسٹریلیا کے تیز بالروں کے خلاف بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا۔

انگلینڈ کی طرف سے آغاز ائین بیل اور الیسٹر کک نے کیا اور دونوں ابتدائی بلے بازوں نے احتیاط سے کھیلتے ہوئے چوہتر رنز کی شراکت کی۔

ائین بیل نے اکتالیس اور کک نے چالیس رن بنائے۔ اس کے بعد جانتھن ٹراٹ نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور نصف سنچری بنائی۔

مورگن نے اننگز کے آخری اووروں میں جارحانہ انداز اختیار کیا اور اپنی ناقابل شکست اننگز میں چار چھکے اور چھ چوکے لگائے۔

آسٹریلیا کی اننگز میں شین واٹسن جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن وارنر نے اکسٹھ گیندوں پر چھپن رن بنا کر اچھا آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد ایک سو چوہتر کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔

آسٹریلیا کے کپتان کلارک نے ویڈ کے ساتھ ملکر چھٹی وکٹ کی شراکت میں ستاون رن بنائے۔ ویڈ ستائیس رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ کپتان نصف سنچری چھکے سے مکمل کرنے کے بعد گرئم سوان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔