پاکستانی کرکٹ بورڈ کی خواہش؟

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں چھ ٹی ٹوئنٹی میچز کی اجازت ملنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ یہ سیریز تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہو۔
دوسری جانب آسٹریلین کرکٹ بورڈ اپنے کرکٹرز سے مشورے کے بعد اس بات کا حتمی فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چند اراکین نے اگست میں متحدہ عرب امارات میں سخت گرمی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھ ٹی ٹوئنٹی میچز کی تجویز خود ہی دی تھی جس پر آئی سی سی کے کوالالمپور میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کروانے کی اصولی طور پر منظوری دی۔
نامہ نگار مناء رانا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ متحدہ امارات میں گرمی سے بچنے کے لیے تمام میچز شام کو شروع کیے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ذکاء اشرف نے کہا ’ہم نے کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں شام کے اوقات میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا یو اے ای کے موسم کا جائزہ لے رہی ہے اور اس ہفتے کے آخر تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔‘
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے کوالالمپور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ بات چیت کی تصدیق کی ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کے مطابق سیریز کے میچز، ان کے اوقات اور دیگر معاملات کا طے ہونا ابھی باقی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حتمی تفصیلات اگلے چند گھنٹوں میں متوقع ہیں اور حتمی فیصلہ چند روز میں ہو جائے گا۔



