سچن تندولکر کی راجیہ سبھا میں حلف برداری

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت کے معروف کرکٹر سچن تندولکر نے آج سوموار کو راجیہ سبھا یعنی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے رکن کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔
سچن کو راجیہ سبھا کے چیئرمین اور بھارت کے نائب صدر حامد انصاری کے چیمبر میں حلف دلایا گیا۔
انہیں حکومت نے اپریل میں راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا تھا۔
سچن کو سپورٹس میں ان کی شاندار خدمات کے لیے راجیہ سبھا میں نامزد کیا گیا ہے۔
حلف برداری کے بعد سچن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ آج جو بھی ہیں وہ کرکٹ کی وجہ سے ہیں۔
انہوں نے کہا ’راجیہ سبھا کی نامزدگی میرے لیے ایک اعزاز ہے لیکن میں یہاں تک کرکٹ کے سبب ہی پہنچا ہوں میری ساری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہوگی اور مجھے جب بھی وقت ملے گا میں دوسری باتوں پر توجہ دوں گا۔ لیکن اس مرحلے پر میری ساری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔‘
واضح رہے کہ وہ پہلے ایسے کرکٹر ہیں جنہیں فعال کیریئر کے دوران ہی پارلیمنٹ کی رکنیت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
حلف برداری کے وقت بھارت کے کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی کے نائب صدر اور وزیر راجیوشکلا سمیت دیگر کئی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔
سچن کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور بھارت میں انہیں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔ سچن کو انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری اور رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
کئی حلقوں سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انہیں بھارت کا سب سے بڑا اعزاز بھارت رتن دیا جائے۔



