’بھارتی میدانوں کو استعمال کیا جا سکتا ہے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کچھ بہتری کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے بھارت کے میدانوں کو میزبانی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے حال ہی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجوزہ ون ڈے سیریز کی میزبانی سے معذرت کر لی تھی۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ یہ تاثر صحیح نہیں کہ سری لنکا نے انکار کیا بلکہ انہوں نے میزبانی کی پیشکش کی تھی تاہم سری لنکن پریمئیر لیگ کی تاریخوں کے ساتھ متصادم ہونے کے سبب انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔

بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا سے بات کرتے ہوئے ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں یو اے ای اور ملائشیا کا نام زیر غور تھے مگر جب بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں انڈین پریمئیر لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے دعوت دی تو انہیں بھی یہ خیال آیا کہ بہتر ہوتے ہوئے تعلقات میں ایک قدم اور بڑھتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا انعقاد بھارت میں کرایا جائے۔

ذکاء اشرف کے مطابق ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور جب وہ آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے بھارت جائیں گے تو اس معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام سے بات کریں گے۔

اس سوال پر کہ بھارت کے کچھ انتہا پسند عناصر پاکستانی کھلاڑیوں کو پسند نہیں کرتے تو ان کی سکیورٹی کس طرح ممکن ہو گی؟ اس ضمن میں ذکاء اشرف نے کہا کہ جب بھارتی کرکٹ بورڈ اس سیریز کے انعقاد کے لیے حامی بھرے گا تو سکیورٹی بھی مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام آپس میں ملنے اور کھیلوں میں رابطے کے خواہش مند ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلقات میں کچھ بہتری کے بعد ان کی کوشش ہو گی کہ دونوں مملک کے درمیان دو طرفہ کرکٹ بھی دوبارہ شروع ہو اور بھارت کے دورے کے دوران ان کی پہلی ترجیح بھی دو طرفہ کرکٹ کی بحالی ہی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بھی کئی مثبت اشارے ملے ہیں جن میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ٹیم کو بھارت میں ہونے والی چیمپئن لیگ میں شرکت کی دعوت بھی شامل ہے اور یہ کرکٹ کے لیے ایک اچھا شگون ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اکتوبر میں پاکستان میں پاکستان پریمئیر لیگ کا انعقاد کروا سکیں گے اور اس سے پاکستان میں غیر ملکی کرکٹرز کی آمد ہو گی جو کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے ایک اچھی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے ایک عالمی سطح کے کرکٹ سٹیڈیم کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پینتیس ایکٹر کی جگہ دی ہے اس سٹیڈیم میں پچاس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور اس سٹیڈیم میں عالمی معیار کی سکیورٹی بھی مہیا کی جائے گی۔