خاتون سے بدتمیزی پر آسٹریلوی کرکٹرگرفتار

لوک پومباش

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنرپورٹس کے مطابق لوک پومباش نے امریکی خاتون کے بوائے فرینڈ کی پٹائی بھی کی

دلی پولیس نے آئی پی ایل میں شریک آسٹریلوی کھلاڑی لوک پومباش کو ایک امریکی خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

لوک پومباش پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی خاتون کے ساتھ فائیو سٹار ہوٹل میں چھیڑ چھاڑ کی اور بعد میں جب خاتون کے بوائے فرینڈ نے انہیں ایسا کرنے سے روکنا چاہا تو پومباش نے ان کی پٹائی کی۔

لوک پومباش آئی پی ایل کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیل رہے ہیں۔

یہ واقعہ جمعرات کو دلی ڈیئر ڈیولز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد پیش آیا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دلی پولیس نے لوک پومباش کے خلاف چھیڑ چھاڑ کا مقدمہ درج کیا ہے اور بعد میں انہیں میڈیکل کے لیے دلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال لے جایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق خاتون نے اپنی شکایت میں کہا ہے لوک پومباش اپنے بعض ساتھیوں کے ساتھ جنہیں خاتون بھی جانتی تھیں ان کے کمرے میں آگئے۔

تھوڑی دیر بعد جب خاتون سونے کے لیے اپنے کمرے میں جانے لگیں تبھی لوک پومباش بھی ان کے پیچھے گئے اور بعد میں مبینہ طور پر ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور بدتمیزی کی۔

جب خاتون کے بوائے فرینڈ نے مداخلت کی تو پومباش نے ان کی پٹائی کی۔امریکی خاتون کے بوائے فرینڈ کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے اوپر دباؤ ہے کہ وہ اپنی شکایت کو واپس لیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گی۔

آئی پی ایکل کے چئیرمین راجیو شکلا نے کہا ہے کہ آئی پی ایل کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ یہ واقعہ آئی پی ایل کی جانب سے منعقد کی گئی پارٹی میں پیش نہیں آیا۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل میچ فکسنگ، بدعنوانی اور مارپیٹ جیسے تنازغات سے گھرا رہا ہے لیکن خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔