کپتانی کی مدت کا تعین بورڈ کا کام:حفیظ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کی قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اس نئی ذمہ داری کو مکمل ایمانداری کے ساتھ نبھائیں گے اور انہیں جتنے بھی عرصے کے لیے یہ عہدہ دیا گیا ہے اس سے قطع نظر وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں ٹیم کی بہترین کارکردگی پر صرف کریں گے۔
محمد حفیظ کو ابھی صرف سری لنکا کے دورے کے لیے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ اس دورے میں پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ان کی کپتانی کی مدت کا تعین کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے اور کم یا زیادہ مدت سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی وہ اس بات کا خود پر کوئی دباؤ محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف یہ کوشش کریں گے کہ ان میں جو بھی قابلیت ہے وہ سو فیصد میدان میں نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کپتان کا کردار عام کھلاڑی سے زیادہ ہوتا ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ ناصرف اپنی ذاتی کارکردگی سے بلکہ بطور کپتان اپنی صلاحیتوں سے ٹیم کو فائدہ پہنچائیں۔
محمد حفیظ کو ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان بھی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اور مصباح کا ساتھ دس گیارہ سال سے ہے اور وہ مصباح الحق کی بطور کپتان صلاحیتوں کے معترف ہیں، وہ پہلے بھی مصباح الحق کو دوران کھیل فیڈ بیک دیتے تھے اور اب جبکہ وہ ان کے نائب ہیں وہ ٹیم کو میدان میں کھلانے اور جتوانے میں مصباح الحق کی پوری پوری مدد کریں گے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ انہیں بطور نائب کپتان مصباح الحق سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا لیکن ابھی یہ کہنا کہ وہ مستقبل میں مصباح الحق کی جگہ لیں گے قبل از وقت ہوگا کیونکہ مستقبل کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں پروفیسر کے نام سے پکارے جانے والے محمد حفیظ کے مطابق اپنے ملک کی ٹیم کی کپتانی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے یہ اعزاز ملے اس لیے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے انہیں اس اعزاز سے نوازا ہے۔



