آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستانی نژاد رکن

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم میں پہلی بار ایک پاکستانی نژاد کھلاڑی کو شامل کیا جا رہا ہے جو ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں رکی پونٹنگ کی جگہ لیں گے۔
اٹھارہ دسمبر سنہ انیس سو چھیاسی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیدا ہونے والے عثمان خواجہ کے والد طارق خواجہ اُس وقت آسٹریلیا منتقل ہوئے جب عثمان صرف چار برس کے تھے۔
آسٹریلیا نے آج تک کسی بھی ایشیائی نژاد شخص کو اپنی ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی آسٹریلوی مسلمان اُن کی ٹیم کا حصہ بننے جا رہا ہے۔
خواجہ عثمان نیو ساؤتھ ویلز کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہیں اور وہ جمعہ کو ہونے والے ایک میچ میں وکٹوریا کی ٹیم کے خلاف اوپننگ کریں گے۔یہ میچ اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آیا نیو ساؤتھ ویلز پیورا کپ کی میزبانی کرے گا یا نہیں۔
چوبیس سالہ عثمان خواجہ نے آسٹریلوی ٹیم میں اپنی شمولیت کے بارے میں بتایا ’جب مجھے معلوم ہوا کہ میں آسٹریلوی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہوں تو مجھے یقین نہیں آیا۔‘



