رونی کی انجری معمولی

انگلینڈ فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے کہا کہ وائن رونی کے ٹخنے کا زخم معمولی ہے اور وہ گیارہ جون سے شروع ہونے والے ورلڈکپ میں انگلینڈ کی نمائندگی کریں گے۔

فیفا عالمی کپ 2010 گیارہ جون سے گیارہ جولائی تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وائن رونی کے ٹخنے کی ہڈی نہیں ٹوٹی ہے بلکہ پٹھے کی معمولی سے انجری ہوئی ہے۔ابھی تک واضح نہیں ہے کہ وائن رونی کتنے میچوں میں کلب کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ ایلکس فرگوسن جمعہ کے روز وائن رونی کی انجری اور اس کے علاج کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کریں گے۔

وائن رونی چیمپئن لیگ کے ایک میچ میں زخمی ہو گئے تھے جس سے انگلینڈ کے امیدوں کو سخت دھچکا لگا تھا۔ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی کامیابی کا دارومدار وائن رونی کی فٹنس پر ہے۔ رونی پورے سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

میڈیکل ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹھے کے زخم کو ٹھیک ہونے میں تین سے چار ہفتے لگتے ہیں۔

انگلینڈ چوبیس مئی کو میکسیکو کے خلاف ایک فرینڈلی میچ کھیل رہا ہے.

ادھر آرسنل کلب کے کپتان سیس فیبریگاس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منگل کے روز بارسلونا کے خلاف میچ کے دوران انہوں نے اپنی ٹانگ توڑ لی ہے۔ یورپی چیمئن لیگ کے میچ کے دوران آرسنل اور بارسلونا کلب کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔

فیبرگاس سپین کی ٹیم میں مڈفیلڈر کے طور پر کھیلتے ہیں اور اگر ان کے اپنی انجری کے بارے خدشات ٹھیک ہوئے تو ان کی دو ماہ بعد ہونے والے ورلڈ کپ میں شمولیت مشکوک ہو جائے گا۔

یورپی چیمئن سپین فٹبال کے چند ایک فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔ فیبریگاس نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان کی پنڈلی کی چھوٹی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

آرسنل کلب کے دو اہم کھلاڑی ولیم گالاس اور آرشون بھی زخمی ہو گئے ہیں۔