’غیر معینہ مدت کے لیے گالف سے علیحدگی‘

گالف کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ٹائیگر وڈز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں اور اس لیے وہ غیر معینہ مدت کے لیے گالف ٹورنامینٹس میں حصہ نہیں لیں گے۔
اپنی ویب سائٹ پر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کو اندازہ ہے کہ ان کے خاندان کو ان کے غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے کتنا دکھ پہنچا ہے۔ ’میں اپنے خاندان کے ساتھ رشتے کو دوبارہ بحال کرنا چاہتا ہوں اور میں درخواست کرتا ہوں کہ ہماری ذاتی زندگی میں مخل نہ ہوں۔‘
ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹائیگر ووڈز نے مزید کہا ہے کہ وہ نہایت معذرت خواہ ہیں اور معافی کے طلب گار ہیں۔
ٹائیگر ووڈز کت شادی پانچ برس قبل الین سے ہوئی تھی اور ان کی ایک دو سال کی بیٹی ہے اور ایک دس ماہ کا بیٹا۔
یاد رہے کہ گالف کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ٹائیگر وڈز امریکی ریاست فلوریڈا میں کار کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے۔
ابتدائی طور پر موصول ہونے والی اطلاعات میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا ٹائیگر وڈز شدید زخمی ہو گئے ہیں لیکن بعد میں ان کے ایجنٹ مارک سٹینبرگ نے کہا وہ ٹھیک ہیں۔
ایک سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ شراب نوشی کرنے کے بعدگاڑی چلانے کی وجہ سے پیش نہیں آیا۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی کے حفاظتی ایئر بیگز بھی نہیں کھلے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے بھی پیش نہیں آیا۔
بی بی سی کی طرف سے گالف کی خبریں کرنے والے نامہ نگار ائین کارٹر کا کہنا ہے کہ اس خبر سے گالف کھیلنے والی پوری دنیا تشویش کا شکار ہے۔
اس وقت تک ٹائیگر وڈز دنیا کے اول نمبر کے کھلاڑی ہیں اور وہ چودہ بڑے بڑے اعزازات جیت چکے ہیں۔



