سنوکر اب سپر سکسز کے نام سے

سنوکر کے ایک نئے مختصر دورانیے کے کھیل کی آزمائش اس ماہ کے آخر میں شیفیلڈ میں شروع ہونے والی عالمی چیمپین شپ کے دوران کی جائے گی۔ مختصر دورانیے کے اس کھیل کو عارضی طور پر سپر سکسز کا نام دیا گیا ہے۔
اس مختصر دورانیے کے سنوکر میں فی فریم رنگدار گیندوں کی تعداد پہلے جتنی ہی رہے گی مگر سرخ رنگ کے گیندوں کی تعداد چھ ہو جائے گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ سنوکر کی نئی شکل ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کامیابی کی طرح ہی مقبول ہو گی۔ اس ماہ کے آخر میں کھیلے جانے والا آزمائشی کھیل ایک سینیئر ٹیم اور ایک ابھرتی ہوئی ٹیم کے درمیان ہو گا۔
ورلڈ سنوکر کے چیئرمین سر روڈنی واکر کا کہنا ہے کہ سنوکر کے ایک ناقد کی نظر سے دیکھیں تو آپ کو ہر سال منہ کا ذائقہ بدلنا چاہیے جیسا کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی نے کرکٹ کے لیے کیا ہے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی نے کرکٹ کو شائقین کے ایک نئے حلقے سے متعارف کروایا ہے اور مختصر سنوکر کے معاملے میں ہمیں امید ہے کہ نوجوانوں کو اس جانب راغب کیا جا سکے گا۔
سنوکر کا کھیل عالمی سطح پر اس حوالے سے تنقید کی ذر میں رہا ہے کہ اس کھیل کو تازہ اور توجہ طلب رکھنے کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔دنیا کے نمبر ایک سنوکر کھلاڑی رونی او سولیون نے سنوکر کو ایک مرتا ہوا کھیل قرار دیا تھا اس کی انتظامیہ سے ایسے دوبارہ متحرک کرنے یا نئی زندگی دینے کامطالبہ کیا تھا۔ تاہم بدھ کو ایک آن لائن بک میکر بیٹ فریڈ ڈاٹ کام نے سنوکر ورلڈ چیمپیئن شپ کے اخراجات برداشت کرنے کے حوالے سے ایک چار سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔



