پی ایس ایل فائنل، اعلان کے باوجود ٹکٹیں دستیاب نہیں
پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کروانے کے فیصلے کے بعد لوگ ٹکٹیں خریدنے کے لیے بے چین ہیں۔ حکام کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہونی تھی لیکن تاحال ٹکٹیں عوام کی رسائی سے باہر ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا 'آج شام (منگل) سے پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹیں آن لائن دستیاب ہوں گی۔ شائقین یہ ٹکٹیں کیو ٹکٹس ڈاٹ کام سے خرید سکیں گے جب کہ بدھ سے دو بینکوں کی منتخب شاخوں سے بھی ٹکٹیں خریدی جا سکیں گی تاہم بینکوں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کیو ٹکٹس ڈاٹ کام کے مالک تجندر سنگھ نے بی بی سی اردو کی حنا سعید کو بتایا کہ 'آن لائن ٹکٹوں کی سیل کل دوپہر سے ہی شروع ہونے کی امید ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا مزید کہنا تھا 'پی سی بی تیاریاں کر رہا ہے اور ٹکٹوں کی آن لائن اور باکس آفس سیل بدھ سے شروع ہو گی ـ چاہے وہ وی آئی پی یا کمپلیمنٹری پاس ہو یا خریدی ہوئی ٹکٹ، تمام 25 ہزار ٹکٹیں کیو ٹکٹس کے ذریعے ہی حاصل کی جائیں گی۔'

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ٹکٹیں کسی بھی بینک کے ویزا اور ماسٹر کریڈٹ کارڈ کے ذریعے آن لائن خریدی جا سکتی ہیں جس کے بعد صارف کو ایک کوڈ بھیجا جائے گا، جو مقررہ باکس آفس یا دو آؤٹ لیٹس پر دکھا کر شائقین اپنی ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔'
تجندر سنگھ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث صارف ٹکٹیں خود پرنٹ نہیں کر سکتےـ باکس آفس یا پی سی بی کی مقررکردہ دو آوٹ لیٹس سے ہی ٹکٹوں کی پرنٹ کے لیے جا سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ٹکٹوں کے ساتھ اصل شناختی کارڈ لازم ہو گا۔ 18 سال سے کم عمر افراد کے ساتھ شناختی کارڈ ہولڈر یا گارڈین کا ہونا ضروری ہے ورنہ ٹکٹ ہونے کے باوجود قذافی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے پی ایس ایل چیئرمین کا کہنا تھا کہ فائنل میں شامل دونوں ٹیموں میں چار، چار انٹرنیشنل کھلاڑی ضرور کھیلیں گے۔ بی بی سی نے جب انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا نام پوچھا تو نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پلے آف کی بعد ان ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
ادھر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منگل کو نئے کمینٹیٹر اور میڈیا انکلوزر کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان کا کہنا تھا 'معذرت کے ساتھ جتنے لوگ میچ دیکھنے کے لیے آنا چاہ رہے ہیں اتنی جگہ نہیں ہے لیکن غریب ہو یا امیر ہو، سب پاکستانی کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں تو آئیے مل کر پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔'
پی ایس ایل کا فائنل پانچ مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں ہو گا، سٹیڈیم میں 25 ہزار افراد کی گنجائش ہے جن میں 10 ہزار لوگ سٹینڈ کی ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں جو کہ 500 روپے ہے۔
شہر یار خان کے مطابق باقی انکلوزر میں 15 ہزار افراد کی گنجائش ہے جن کی ٹکٹ کی قیمت چار، آٹھ اور 12 ہزار ہے۔ نئے تعمیر شدہ انکلوژر کی ٹکٹ 12 ہزار روپے ہے جس میں عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر شامل ہیں جب کہ جاوید میانداد، حفیظ کاردار، عبدل قادر اور رمیز راجہ انکلوژر میں ٹکٹ کی قیمت آٹھ ہزار اور مڈ وکٹ پر دونوں طرف کے انکلوژرز میں ٹکٹ کی قیمت چار ہزار روپے ہےـ
دوسری جانب منگل کی صبح ہی سے قذافی سٹیڈیم اور اس کے ملحقہ علاقے کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نےعلاقے کو اپنے حصار میں لیا ہوا ہےـ











