BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 03 August, 2005, 12:25 GMT 17:25 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
انڈیا کی پہلی ٹیسٹ ٹیوب بےبی

ہرشا
ہرشا چاوڑا ہندوستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیوب بےبی ہیں۔
بہت سے لوگوں کے لیے ان کی سال گرہ کا دن ایک خاص دن ہوتا ہے لیکن اگر کسی کی پیدائش ہی خاص طرح سے ہوئی ہو تو وہ پورے ملک کے لیے ایک خاص خبر بن جاتی ہے۔

ہر سال یہی محسوس کرتی ہیں ہرشا چاوڑا، جب سے چھ اگست انیس سو چھیاسی کو ان کی پیدائش ہوئی تھی۔ وجہ یہ ہے کہ وہ ہندوستان کی سب سے پہلی ٹیسٹ ٹیوب بےبی ہیں۔ ہر سال ان کے انٹرویو اور تصویریں اخباروں میں شائع ہوتی ہیں تاکہ ہندوستانیوں کو ان کی سالانہ ترقی کے بارے میں پتہ چلتا رہے۔

ابھی حال میں، میں ہرشا چاوڑا سے ممبئی میں ملی اور میں نے ان سے پوچھا کہ انہیں کب معلوم ہوا کہ وہ بھارت کی سب سے پہلی ٹیسٹ ٹیوب بے بی ہیں اور ان کے تجربے کیا ہیں؟

انہوں نے بتایا کہ ’جب میں تقریباً آٹھ، نو سال کی تھی تب مجھے پتہ تو چل گیا تھا کہ میں بھارت کی پہلی ٹیسٹ ٹیوب بےبی ہوں، پر مجھے اس کا مطلب نہیں معلوم تھا اور اخبار والے ہر سال میری تصویریں کیوں لیتے ہیں، کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا۔ پر جیسے جیسے میں بڑی ہوئی تو مجھے سمجھ میں آنے لگا کہ میری پیدائش عام طریقہ سے نہیں ہوئی بلکہ سائنس کے ذریعے ہوئی ہے۔

پہلے تو مجھے بڑا عجیب سا لگا پر پھر پتہ چلا کہ میں اپنے ماں باپ کے یہاں پانچ سال کے بعد پیدا ہوئی۔ ان دنوں ڈاکٹر اندرا ہندوجا آئی وی ایف (یعنی اِن وِٹرو فرٹیلائی زیشن) کے موضوع پر تحقیق کر رہی تھیں اور انہی کی کوشش سے میری پیدائش ممکن ہوئی۔ تب مجھے بہت خوشی ہوئی‘۔

’میرے والدین ناخواندہ اور پرانے خیال کے ہیں۔ تو جب میں پیدا ہونے والی تھی تو لوگ انہیں طرح طرح کی باتیں کہتے تھے کہ میں معذور پیدا ہونگی، میرے تین پیر، تین ہاتھ ہونگے لیکن کچھ ماہ بعد جب میں پیدا ہوئی تو لوگوں نے دیکھا کہ ارے میں تو باقی سب کی طرح ہی ہوں۔

پہلے میرے والدین کی گھر میں کوئی اہمیت ہی نہیں تھی لیکن اس کے بعد انہیں بہت اہمیت ملنے لگی۔ مجھے بتایا جاتا ہے کہ جب میں چھوٹی تھی تو مجھے دور دور سے لوگ دیکھنے آتے تھے۔ کچھ لوگ تو لندن سے بھی آئے تھے۔ کئی بار لوگ مجھے شگون کی طور پر کچھ تحفے بھی دے جاتے تھے۔ میرے والدین میرے لیے بہت فخر محسوس کرتے ہیں‘۔

’ہمارے گجراتی سماج میں بھی لوگ فخر محسوس کرتے ہیں کہ بھارت کی سب سے پہلی ٹیسٹ ٹیوب بےبی گجراتی ہے۔ پر مجھے اپنے آپ کسی کو اپنے بارے میں بتانا پسند نہیں لیکن کیونکہ لوگ ہر سال میرے بارے میں پڑھتے اور تصویر دیکھتے ہیں، تو انہیں اپنے آپ ہی میرے بارے میں پتہ چل جاتا ہے۔

کئی بار لوگ مجھے پہچان کر پوچھتے ہیں ’کیا میں وہی ہرشا چاوڑا ہوں - پہلی ٹیسٹ ٹیوب بےبی؟‘

’میرے والدین نے مجھے بالکل عام بچے کی طرح پالا ہے اور سہیلیاں بھی میرے ساتھ عام برتاو کرتی ہیں۔ اس لیے جہاں تک اہمیت کا سوال ہے، مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اتنی اہمیت ملنے چاہیے۔ میری سالگرہ پر فوٹوگرافر، رپورٹر سب آتے ہیں، پر باقی 364 دن میں بالکل عام زندگی گزارتی ہوں۔‘

آخر میں سیدھی سادی، پیاری، معصوم سی ہرشا چاوڑا جسے اپنے مختلف ہونے کا کوئی فخر نہیں، مسکراتے ہوئے بولیں کہ ’میں ایک ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں تاکہ میں بھی لوگوں کے کام آسکوں۔‘

میں نے دل ہی دل میں ’آمین‘ کہتے ہوئے ان سے اجازت لی۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد