امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق کے بعد امکان ظاہرکیا گیا ہے کہ شیمپو اور جسم پر لگائے جانے والے مختلف لوشن ماں کے پیٹ میں موجود بچے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ امریکہ میں پِٹسبرگ یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شیمپو اور لوشن میں استعمال ہونے والا ایک کیمیکل ایم آئی ٹی ماں کے پیٹ میں بچے کے دماغی خلیوں کے اس حصے کی نشونما کو متاثر کر سکتا ہے جو دوسرے خلیوں کے ساتھ رابطے کا کام کرتا ہے۔ اس تحقیق پر کام کرنے والے ایک ڈاکٹر ایلیس آزن مین نے بتایا ہے کہ فی الحال چوہوں پر تجربات سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ایم آئی ٹی نامی کیمیکل کا ہر روز استعمال انسانوں کے لیے مضر ثابت ہو سکتا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ |