ملائیشیا میں ایک سو اسّی سے زیادہ ممالک نے دنیا بھر میں معدوم ہوتی انواع کے بچاؤ کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ کوالا لامپور میں ہونے والی کانفرنس کے مندوبین نے دنیا بھر میں زمین اور سمندر میں ’محفوظ علاقوں‘ کا جال بنانے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا کہ معاشی طور پر غریب ممالک کو ماحولیاتی تحفظ کے لئے مدد فراہم کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی ہونے والی اس کانفرنس میں رات بھر بحث جاری رہی۔ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ چھ سال میں ایسے اہداف طے کئے جائیں گے کہ مختلف انواع کو معدوم ہونے سے بچایا جا سکے۔معاہدے کے تحت دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ حیاتیاتی تنوع والے علاقوں کو ’محفوظ علاقے‘ قرار دیا جائے گا۔ تاہم کچھ ماہرین اس بات سے مایوس ہوئے کہ سمندروں کے تحفظ کے لئے اقدامات کا اعلان نہیں ہوا۔ ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لئے وسائل جمع کرنا بھی ایک اہم مسئلہ ہے اور مستقبل میں اس کے بارے میں بحث جاری رہے گی۔ بظاہر امریکی ممالک کی طرف سے غریب ممالک کو امداد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لئے کام کرنے والے اس بات سے بھی مایوس تھے کہ لوک دانش کی روایتی معلومات کو ’بایو قذاقوں‘ سے بچانے کے لئے کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔ |