| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اپنی مرضی کے خواب دیکھیئے
جاپان کی ایک کمپنی نے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد سے لوگ اپنی مرضی کے خواب دیکھ سکتے ہیں۔ اس مشین کی مدد سے خواب دیکھنے والوں کو ان کی خواہش کے مطابق ایک تصویر دکھائی جائے گی۔ اس کے بعد وہ جو خواب دیکھنا چاہتے ہیں اسے اپنی آواز میں ریکارڈ کرائیں گے۔ مشین بنانے والی کمپنی ’تاکارا‘ کا کہنا ہے کہ خواب دکھانے والی مشین ریکارڈ کی گئی آواز، موسیقی، روشنی اور خوشبو کی مدد سے انسان کو اس کی مرضی کا خواب دیکھنے میں مدد دے گی۔ لوگوں کو آٹھ گھنٹے کی نیند کے بعد آرام سے جگایا جائے گا تاکہ وہ خواب بھول نہ جائیں۔ تاکارا اس سے پہلے ایسی مشین بنا چکی ہے جو اس کے بقول پالتو جانوروں کی باتیں سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے خواب دکھانے والی مشین پر ابھی مزید کام کی ضرورت ہے۔ تاکارہ کے مارکیٹنگ اگزیکٹیو نے بدھ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ وہ کمپنی کے ملازمین کی مدد سے فی الحال مشین پر تجربے کر رہے ہیں۔ ابھی تک جن لوگوں پر تجربات کئے گئے ہیں ان میں سے کچھ کا کہنا ہے خواب کا موضوع ان کی مرضی کا تھا لیکن کہانی وہ نہیں تھی جو انہوں نے ریکارڈ کروائی تھی جبکہ کچھ لوگوں نے کہا کہ وہ آواز سے جاگ گئے تھے۔ لیکن کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی خواہش کے مطابق خواب دیکھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||