| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انسان مریخ پر: بُش کا اعلان
امریکی صدر جارج بُش اگلے ہفتے مریخ اور چاند پر انسان بھیجنے کے لئے مِشن کا اعلان کر رہے ہیں۔ اعلیٰ امریکی حکام کے مطابق جارج بُش چاند پر ایک مستقل خلائی اسٹیشن کے قیام کا بھی اعلان کریں گے۔ سرکاری رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر خلائی شٹل کولمبیا کے حادثے کے بعد ایک بار پھر امریکی خلائی پروگرام میں جان ڈالنا چاہتے ہیں۔ مریخ کے لئے انسانی مِشن میں کم سے کم دس سال لگ سکتے ہیں۔ امریکہ میں نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وہاں توقع کی جا رہی تھی کہ امریکی صدر اپنی انتخابی مہم کے طور پر زبردست خلائی پروگرام کا اعلان کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل سن انیس سو اناسی میں موجودہ امریکی صدر کے والد جارج بُش سینئیر نے بھی مریخ پر انسان اتارنے کے پروگرام کا اعلان کیا تھا جو کے متوقع اخراجات کی وجہ سے زیادہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ زمین سے چاند تک کا سفر تین دن کا ہے اور مریخ پہنچنے میں چھ ماہ لگتے ہیں۔ مریخ کے مِشن پر جانے والے خلابازوں کو کئی سال زمین سے باہر رہنا پڑے گا۔ اسی لئے خیال ہے کہ چاند کو مریخ کے مشن میں استعمال ہونے والے خلائی آلات پر تجربات کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مریخ پر پہنچنے والے خلابازوں کو واپسی سے قبل مریخ یعنی سرخ سیارے پر مناسب وقت کے لئے کئی ماہ انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ یورپ نے سن دو ہزار تیس تک مریخ پر انسان اتارنے کے لئے ارورا نامی منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||