| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
چاند پر جانے کی بھارتی تیاریاں
بھارت کے صدر ڈاکٹر اے پی جے العبدل کلام نے سائنسدانوں کو دعوت دی ہے کہ بھارت کے چاند پر جانے والے پہلے مشن پر تجربات کریں۔ یہ مشن جس کا نام ’چندریان‘ ہے بغیر کسی فرد کے چاند پر دو ہزار سات یا دو ہزار آٹھ میں بھیجا جائے گا۔ مبصرین کہتے ہیں کہ اب ایشیا میں بھی خلائی دوڑ شروع ہوگئی ہے اور برِ اعظم کے کئی ممالک سیٹلائٹ اور راکٹ کی نئی نئی ٹیکنالوجی سے تجربات کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل چین نے ایک شخص کو خلا میں بھیجا دے جس پر دنیا دنگ رہ گئی تھی۔ بھارت کو بھی امید ہے کہ جب آدھا ٹن وزنی مشن بھارت میں بنے ہوئے راکٹ پر چاند کے مدار کی طرف بھیجا جائے گا تو لوگ متاثر ہوں گے۔ بھارت کے اس مشن کا ایک سیاسی پہلو بھی ہے اور وہ یہ کہ چاند پر مشن بھیجنے کا مطلب ہے کہ بھارت یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ اس جیسے ترقی پذیر ملک نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اتنی ترقی کر لی ہے۔ ڈاکٹر کلام جو خود بھی ایک ممتاز سائسندان رہے ہیں، کہا کہ اب یہ بھارت کے تحقیق کاروں پر ہے کہ وہ نئے نئے تصورات کے ساتھ سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ چندریان کے مشن کے ذریعے تحقق سے پورے ملک میں ایک نیا ولولہ پیدا ہوگا اور خاص طور سے نوجوان سائنسدانوں اور بچوں میں نیا جوش پیدا ہوگا۔ بھارتی صدر نے کہا: ’چونکہ آپ سب سائسندان ہیں لہذٰا میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ جو سائنسدان بھی چاند پر یا چاند کے ماحول پر کسی طرح کی کوئی تحقیق کرنا چاہتے ہیں وہ آگے آئے اور اس کے لئے ہم اس کی مدد کریں گے۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||