| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں برانڈڈ بچے
امریکہ میں ایک نیا رجحان زور پکڑتا جارہا ہے۔ والدین اپنے بچوں کے نام مشہور برانڈز یا ڈیزائنرز کے ناموں پر رکھ رہے ہیں۔ ایک مطالعے سے ثابت ہوا ہے کہ کئی والدین نے اپنے بچوں کا نام ’لو ریئیل‘ رکھا ہے جو میک اپ کی اشیاء کی مشہور و معروف کمپنی کا برانڈ ہے۔ اسی طرح کسی نے اپنے بچے کا نام مشہور گاڑی کے نام پر ’شیورلٹ‘ رکھ لیا ہے تو کسی نے اپنے بچے کے لئے ڈیزائنر کپڑے بنانے والی کمپنی ’ارمانی‘ کا نام پسند کیا ہے۔ امریکہ کی ریاستوں ٹیکساس اور مشی گن میں تو دو لڑکوں کے نام ’ای ایس پی این‘ پائے گئے جوکہ ایک معروف سپورٹس چینل ہے۔ نبراسکا کی بیلیویو یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے نفسیات کے پروفیسر کلیولینڈ ایوانز نے یہ نتائج امریکہ کے سوشل سیکورٹی کے سن دو ہزار میں کئے جانے والے سروے سے اخذ کئے ہیں۔ انہوں نے پچیس سال تک بچوں کے ناموں کا مطالعہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ والدین گاڑیوں کے ماڈلز کے ناموں سے خاص طور پر متاثر ہیں۔ بائیس لڑکیوں کے نام ’انفنیٹی‘ رکھے گئے ہیں جبکہ پچپن بچوں کو ’شیوی‘ کے ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ سات بچوں کا نام ڈل مونٹے ہے جوکہ اشیائے خوردونوش کی ایک معروف کمپنی ہے جبکہ بائیس بچوں کو ’کینن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جو کیمروں کا برانڈ ہے۔ اسی طرح ڈیزائنر کپڑے بنانے والی کمپنیاں بھی والدین کے ناموں کے انتخاب پر خاصی حد تک اثر انداز ہیں۔ تین سو لڑکیوں کا نام ’ارمانی‘ سات لڑکوں کا نام ’ڈینم‘ اور چھ کا ’ٹمبرلینڈ‘ رکھا گیا ہے۔ پروفیسر ایوانز نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ غیر معمولی نام رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچے دوسروں سے کسی نہ کسی طری ممتاز و منفرد نظر آئیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||