| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مائیکروسافٹ کے منافع میں اضافہ
سافٹ ویئر بنانے والی سب سے بڑی کمپنی مائیکرو سافٹ کے سہ ماہی منافع میں چھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ پرسنل کمپیوٹروں کی توقع سے زیادہ فروخت نے کارپوریٹ سیکٹر میں پائے جانے والے مندی کے رحجان کو زائل کرنے میں مدد کی ہے۔ تیس ستمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں مائیکرو سافٹ کا منافع دو اعشاریہ چھ ارب ڈالر کا منافع ہوا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ میں کمپنی کا منافع دو ارب ڈالر رہا تھا۔ مائیکرو سافٹ کو ہونے والا منافع وال اسٹریٹ میں لگائے جانے والے اندازوں کے عین مطابق ہے۔ کمپنی نے سال کے باقی حصے میں بھی اپنی سیل میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ مائیکروسافٹ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ سن انیس سو پچانوے میں قائم کئے گئے اس کے انٹرنیٹ ڈویژن نے بھی پہلی دفعہ سہ ماہی منافع ظاہر کیا ہے۔ مائیکرو سافٹ کے چیف فنانشل آفیسر جان کونرز نے کہا ہے کہ ستمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں بلاسٹر وائرس کی وجہ سے کمپنی کے سیل سٹاف کی توجہ بٹی رہی۔ لیکن انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران مائیکرو سافٹ کے پرسنل کمپیوٹروں کی سیل میں پہلے سے لگائے جانے والے اندازوں سے زیادہ اضافہ ہوگا۔ مائیکروسافٹ کی طرف سے کئے جانے والے اعلان کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر چپ بنانے والے ادارہ انٹل اور پی سی بنانے والی کمپنی ڈیل کی طرف سے بھی ایسے اشارے آنا شروع ہو گئے ہیں کہ کمپیوٹروں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان میں سے نوے فیصد کمپیوٹروں میں مائیکروسافٹ ونڈوز کا آپریٹنگ سسٹم استعمال ہوتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||