| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
روبوٹ سستے، مانگ میں اضافہ
اپنے باغ کی گھاس کاٹنی ہو یا کھڑکیوں کے شیشے صاف کرنے ہوں، اب زیادہ تر لوگ ان کاموں کے لئے خود کار پُتلے یا روبوٹ استعمال کرنے لگے ہیں۔ سن دو ہزار ایک کے دوران برطانیہ میں چھوٹے موٹے گھریلو کام نمٹانے والے روبوٹ بیس ہزار کی تعداد میں فروخت ہوئے تھے لیکن اگلے برس ان کی تعداد تینتیس ہزار تک پہنچ گئی۔ ایک تازہ سروے کے مطابق سالِ رواں کے پہلے چھ ماہ کے دوران روبوٹ کے استعمال میں چھبیس فی صد اضافہ ہو گیا ہے۔ یورپ کے دیگر ممالک میں ان خود کار مشینوں کی مانگ پچّیس فی صد بڑھ گئی ہے جبکہ امریکہ میں یہ اضافہ پینتیس فی صد تک جا پہنچا ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت گھریلو کاموں کے لئے چودہ لاکھ روبوٹ استعمال ہو رہے ہیں۔ ان میں سے آدھے صرف جاپان میں زیرِ استعمال ہیں۔ بڑے پیمانے پر تیاری کے باعث چونکہ ان مشینی نوکروں کی قیمت کم ہوتی جا رہی ہے اس لئے ماہرین کا اندازہ ہے کہ آئندہ تین برس کے دوران ساری دنیا میں ان کی طلب بہت بڑھ جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||