| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
تاکیدی ای میل کا وائرس
کمپیوٹر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایک وائرس مائیکروسافٹ کی جانب سے بھیجی گئی تاکیدی ہدایات کے ذریعے بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔ سوین یا گائب نامی یہ کمپیوٹر وائرس دو برس پہلے پیدا ہونے والے ایک تکنیکی نقص کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹرنیٹ کے نظام میں گھس آتا ہے۔ دنیا بھر کے بیاسی ممالک میں اس کی پینتیس ہزار کاپیوں کا سراغ ملا ہے اور اس کو کمپیوٹر نظام کے لیے ایک عظیم خطرہ تصور کیا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نامعلوم قسم کے ای میل پیغامات نہ کھولیں۔ اس نئے وائرس کا طریقہ واردات یہ ہے کہ خود کو مائیکروسافٹ کمپنی کی جانب سے تنبیہی ہدایات کی شکل میں ظاہر کرتا ہے اور کئی طرح کے پُرکشش ذیلی عنوانات اپناتا ہے۔ یہ وائرس انٹرنیٹ پر چیٹ کے دوران بھی کمپیوٹر میں داخل ہو سکتا ہے۔
یہ چالاک وائرس ایسی کمپیوٹر فائلوں میں پناہ حاصل کرتا ہے کہ جب بھی کمپیوٹر کو نئے سرے سے چلایا جائے تو یہ وائرس بیدار ہو کر اپنا کام شروع کر دے۔ ایک تفتیشی کمپنی نے بتایا ہے کہ اس کا آغاز چودہ ستمبر دو ہزار تین کو سلواکیہ سے ہوا اور کچھ ہی عرصے بعد اس کی نقول نیدرلینڈز میں بھی پائی گئیں۔ اس وقت دنیا بھر میں اس وائرس کی پینتیس ہزار نقول کا پتا لگایا جا چکا ہے جن میں سب سے زیادہ امریکہ میں پائی گئی ہیں۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ اس طرح کا نقصان دہ وائرس تنبیہی ہدایات کا روپ دھار کے سامنے آیا ہو۔ اسی برس مئی میں پلائی نامی ایک اور وائرس بھی مائیکروسافٹ کی جانب سے بھیجی گئی تاکیدی ہدایات کی شکل میں کمپیوٹروں کو متاثر کر چکا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |