| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایس ایم ایس سے طلاق
فوری طلاق کا حصول شاید اتنا آسان کبھی نہ تھا جتنا اب ملائشیا میں ایک شرعی عدالت کی طرف سے موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے دی گئی طلاق کو موثر قرار دینے کے بعد ہو جائے گا۔ ملائشیا میں حکومت کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبدل حمید نے کہا ہے کہ موبائل فون پر فوری تحریری پیغام رسانی کی سروس یعنی ایس ایم ایس کے ذریعے دی گئی طلاق اگر واضح ہو تو بقول ان کے اسلامی قانون کے تحت ایسی طلاق موثرہوگی۔ انگریزی روزنامے نیو سٹریٹس ٹائمز نے ڈاکٹر حمید کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایس ایم ایس بھی تحریر کی ایک قسم ہے۔ ملائشیا میں جمعرات کو شرعی عدالت نے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک مرد کی طرف سے ایس ایم ایس کے ذریعے دی گئی طلاق کو موثر قرار دیا تھا۔ یہ مقدمہ عزیدہ فضلینہ عبدل لطیف کی طرف سے دائر کیا گیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا تھا اس کے خاوند شمس الدین نے اسے ایس ایم ایس کے ذریعے پیغام بھجوایا تھا کہ اگر اس نے والدین کا گھر نہیں چھوڑا تو اسے طلاق ہو جائے گی۔ ملائشیا کے ایک اخبار کے مطابق اس سے پہلے سنگاپور کی اسلامی عدالت بھی گزشتہ سال ایک مقدمے میں ایس ایم ایس کے ذریعے دی گئی طلاق کو جائز قرار دے چکی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |