شمالی کوریا: حکومت مخالفین کی یو ایس بی کے عطیات کی اپیل

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK
انسانی حقوق کی دو امریکی تنظیموں نے شمالی کوریا میں حکومت مخالف سیاسی کارکنوں کو یو ایس بی سٹِکس بھجوانے کے لیے عطیات کی درخواست کی ہے۔
ملک کی کمیونسٹ حکومت سے منحرف افراد ہر سال تقریباً دس لاکھ یو ایس بی سٹکس شمالی کوریا سمگل کرتے ہیں۔
سمگل کی جانے والی یو ایس بی سٹکس میں امریکی فلمیں، جنوبی کوریا کے ڈرامے اور دیگر بین الاقوامی معلومات ہوتی ہیں۔
شمالی کوریا میں یہ یو ایس بی سٹکس غیرقانونی ہیں اور ان کو سمگل کرنا انتہائی خطرناک کام تصور کیا جاتا ہے۔ جو گروہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر انھیں سمگل کرتے ہیں اکثر انھیں تمام خرچہ بھی خود ہی برداشت کرنا پڑتا ہے۔
یو ایس بی سٹکس شمالی کوریا لے جانے والے گروہوں کو مقامی حکام کو رشوت بھی دینی پڑتی ہے، اس کے علاوہ ان کی سٹکس اکثر جنوبی کوریا کے حکام کی جانب سے ضبط کر لی جاتی ہیں کیونکہ جنوبی کوریا کا موقف ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
یو ایس بی سٹکس کے لیے عطیات کی اپیل کرنے والی تنظیم ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن سے وابستہ ایلکس گلیڈیسٹائن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’خوراک کے بعد شمالی کوریا کے عوام کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ علم ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’شمالی کوریا کے عوام کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے، ان کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شمالی کوریا کے مسئلے کا حل تعلیم ہی ہے۔‘



