آئی فون 6 اور 6 پلس کے ساتھ ایپل کی سمارٹ گھڑی

ماہرین کے خیال میں آئی فون کے نئے ماڈل کمپنی کو سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں اس کا پرانا مقام دلوا سکتے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنماہرین کے خیال میں آئی فون کے نئے ماڈل کمپنی کو سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں اس کا پرانا مقام دلوا سکتے ہیں

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی فون کے دو نئے ماڈلز کے ساتھ پہلی مرتبہ ’ایپل واچ‘ کے نام سے ایک سمارٹ گھڑی متعارف کروائی ہے۔

یہ کمپنی کے شریک بانی سٹیو جابز کی وفات کے بعد کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی پہلی نئی پروڈکٹ ہے۔

اس سمارٹ گھڑی میں فٹنس ٹریکر اور دیگر کئی طرح کے ایپس چلائے جا سکتے ہیں اور اس کا ڈسپلے ٹچ سکرین ہے۔

اس گھڑی کی قیمت 349 ڈالر رکھی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق یہ آئندہ سال کے آغاز تک بازار میں دستیاب ہوگی۔

سام سنگ سمیت دیگر کمپنیاں اس قسم کی سمارٹ گھڑی پہلے ہی متعارف کروا چکی ہیں لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ ایپل کمپنی کی تاریخ رہی ہے کہ وہ بازار میں مصنوعات تاخیر سے تو لاتی ہے لیکن وہ مصنوعات بازار کا رخ تبدیل کر دیتی ہیں۔

منگل کو کیلیفورنیا میں منعقدہ تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو افسر ٹم کک نے آئی فون کے دو نئے ماڈلوں آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس کی بھی رونمائی کی۔

اس موقعے پر ٹم کک نے کہا: ’اب تک کا سب سے اعلی درجے کا آئی فون پیش کرتے ہوئے آج ہم بہت خوش ہیں۔‘

ایپل واچ آئندہ برس کے آغاز میں صارفین کو دستیاب ہوگی

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنایپل واچ آئندہ برس کے آغاز میں صارفین کو دستیاب ہوگی

یہ دونوں ہی فون اب تک کے آئی فونز سے حجم میں بڑے لیکن پتلے ہیں۔ آئی فون 6 کی سکرین 4.7 انچ کی ہے، وہیں آئی فون 6 پلس 5.5 انچ سکرین کا حامل ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ سکرین کے حجم میں اضافے کی وجہ صارفین کو اینڈروئڈ فونز کی طرف جانے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

ان دونوں فونز میں نئی اے 8 چِپ اور ہائی سکرین ریزوليوشن کے لیے ’ریٹینا ایچ ڈی‘ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔

یہ نئے آئی فون آئی او ایس 8 آپریٹنگ نظام پر کام کریں گے جو 18 ستمبر سے دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق آئی فون 6 اور 6 پلس 19 ستمبر سے عالمی بازار میں دستیاب ہوں گے اور امریکہ میں یہ دو برس کے معاہدے پر 199 ڈالر سے 499 ڈالر تک کی قیمت پر ملیں گے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی مصنوعات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اپیل کی سمارٹ واچ اس کی نئی پراڈکٹ ہے لیکن آئی فون کے نئے ماڈل ہی کمپنی کو سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں اس کا پرانا مقام دلوا سکتے ہیں۔

نئے آئی فون آئی او ایس 8 آپریٹنگ نظام پر کام کریں گے جو 18 ستمبر سے دستیاب ہوگا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشننئے آئی فون آئی او ایس 8 آپریٹنگ نظام پر کام کریں گے جو 18 ستمبر سے دستیاب ہوگا

ریسرچ کمپنی ايڈيسي کے مطابق سمارٹ فونز کی عالمی منڈی میں ایپل کا حصہ 13 فیصد سے کم ہو کر 11.7 فیصد رہ گیا ہے۔

اس کے برعکس اینڈروئڈ فونز کا بازار میں حصہ اپریل سے جون کے درمیان 79.6 فیصد سے بڑھ کر 84.7 فیصد تک پہنچ گیا ہے جس سے سام سنگ اور لینووو جیسی کمپنیوں کو فائدہ ہوا ہے۔

سمارٹ واچ اور نئے آئی فونز کے علاوہ ایپل نے ادائیگی کا نیا طریقہ یا نئی طرح کا پیمنٹ گیٹ وے، ’ایپل پے‘ بھی متعارف کروایا ہے۔

ٹم کک کا کہنا ہے کہ وہ دکانوں میں خریداری کے طریقے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور اس کے بعد لوگوں کو دکانوں پر بٹوہ لے کر نہیں جانا پڑے گا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سروس کافی محفوظ ہوگی کیونکہ اس کے لیے ایپل کو آپ کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات محفوظ نہیں کرنا ہوں گی اور ساتھ ہی کسی دوکاندار کو ادائیگی کے لیے کریڈٹ کارڈ بھی نہیں دینا پڑے گا۔