ایپل کا بیٹس الیکٹرانکس کو خریدنے کا اعلان

سمجھوتے کے تحت بیٹس کے شریک بانی جمی آئوین اور ڈکٹر ڈری بھی ایپل میں چلے جائیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسمجھوتے کے تحت بیٹس کے شریک بانی جمی آئوین اور ڈکٹر ڈری بھی ایپل میں چلے جائیں گے

ایپل نے ہیڈ فون بنانے اور موسیقی کی سٹریمنگ سروس فراہم کرنے والی کمپنی بِیٹس الیکٹرونکس کو خریدنے کی تصدیق کی ہے۔

اس سودے کی مالیت تین ارب امریکی ڈالر ہے جسے ایپل کی تاریخ میں مہنگی ترین خریداری سمجھا جاتا ہے۔

سمجھوتے کے تحت بیٹس کے شریک بانی جمی آئوین اور ڈکٹر ڈری بھی ایپل میں چلے جائیں گے۔

ایپل کے سربراہ ٹم کوک نے کہا کہ اس خریداری سے ان کو کمپنی کو ’دنیا میں موسیقی کے سب سے منفرد آلات بنانے اور سروس مہیا کرنے کو جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔‘

ایپل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ابتدائی طور اس خریداری کے لیے 2.6 ارب امریکی ڈالر ادا کرے گی جبکہ تقریباً 400 ملین ڈالر بعد میں ادا کیے جائیں گے۔

بیٹس کمپنی کے بانی میوزک پروڈیوسر جمی آئیوین اور ہپ ہاپ سٹار ڈاکٹر ڈرے ہیں اور اب تک اسے ہیڈ فونز بنانے کے سلسلے میں جانا جاتا تھا لیکن اس سال کے آغاز میں کمپنی نے میوزک سٹریمنگ سروس شروع کی تھی۔

تاہم ایپل کی پہلے ہی آئی ٹیونز سٹور کی شکل میں سٹریمنگ سروس موجود ہے اور گذشتہ سال انھوں نے آئی ریڈیو متعارف کروایا تھا۔

بیٹس کی خریداری اپیل کے لیے ذرا ہٹ کے ہے کیونکہ ایپل چھوٹی کمپنیوں کو خریدنے کے بجائے خود اپنی مصنوعات تیار کرنے کے لیے مشہور ہے۔

نیویارک ٹائمز کو ایک انٹرویو میں ٹم کوک نے کہا کہ بیٹس کے بانیوں کی وجہ سے شاید یہ خریداری ہمارے لیے پرکشش تھی۔

انھوں نے کہا کہ ’آپ ہر چیز خود نہیں بناتے۔ یہاں ہمیں صرف ایک چیز میں دلچسپی نہیں ہے۔ ہماری دلچسپی ان کے لوگوں اور ان کی سروسز میں ہے۔‘

انھوں نے بیٹس کے بانیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ لوگ بہت منفرد ہیں جو بڑی مشکل سے ملتے ہیں۔‘

بیٹس کے شریک بانی جمی آئوین، ایپل کے سربراہ ٹم کوک، بیٹس کے شریک بانی ڈکٹر ڈری اور ایپل کے سینیئر نائب صدر ایڈی کیو آپس میں گفتگو کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبیٹس کے شریک بانی جمی آئوین، ایپل کے سربراہ ٹم کوک، بیٹس کے شریک بانی ڈکٹر ڈری اور ایپل کے سینیئر نائب صدر ایڈی کیو آپس میں گفتگو کر رہے ہیں

ٹیم کوک نے کہا کہ جمی آئوین اور ڈکٹر ڈری بھی اس سمجھوتے کے تحت ایپل میں شامل ہو جائیں گے۔

بیٹس کے شریک بانی جمی آئوین نے کہا کہ ’میرے دل پہلے سے یہ بات تھی کہ بیٹس ایپل کا حصہ ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہم نے ایپل کی کلچر اور ٹیکنالوجی کو ساتھ لے کر چلنے کی اہلیت سے متاثر ہو کر اپنی کمپنی بنائی تھی۔‘

کہا جا رہا ہے کہ اس خریداری سے ایپل کا مقصد فون اور میوزک انڈسٹری کے ساتھ ساتھ آن لائن موسیقی کی صنعت میں بھی قدم جمانا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دونوں صنعتیں مستقبل میں انتہائی مقبول اور منافع بخش رہیں گی۔