الیکٹرک کار کی آواز بڑھائیں

بے آواز گاڑیاں نابینا افراد کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنبے آواز گاڑیاں نابینا افراد کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں

یورپین پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ پیدل سفر کرنے والوں اور کمزور نظر والے شہریوں کو حادثوں سے بچانے کے لیے برقی اور دوہرے ایندھن والی گاڑیوں کی آواز زیادہ ہونی چاہیے۔

یورپی پارلیمنٹ کے ارکان اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ آئندہ تمام برقی اور ڈُویل فیول والی گاڑیوں میں ایسے آلے کا لگا ہونا ضروری ہوگا جس کی آواز عام گاڑیوں کے انجن سے ملتی جلتی ہو۔

اس قانون سازی کے لیے مہم چلانے والی تنظیموں اور افراد نے یورپی پارلیمان کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔

پارلیمنٹ کے ارکان نے مذکورہ قانون سازی کے علاوہ، اپنے اجلاس میں شور مچاتی کاروں، ویگنوں، لاریوں اور بسوں کے بارے میں بھی سخت قانون سازی کے حق میں ووٹ دیا۔

امید ہے کہ یورپی کونسل نئے قانون پر جلد ہی اپنی مہر لگا دے گی۔

نئے قانون کے مطابق الیٹرک اور ہائیبرڈ کاروں کے نئے ماڈلز کے لیے ضروری ہو گیا ہے کہ سنہ 2019 تک ان میں ایسے آلات ضرور لگے ہوں جو آواز دیں۔

یورپی یونین کے صدر مقام برسلز سے بی بی سی کے نامہ نگار بین رائٹ نے بتایا ہے کہ برطانیہ کی بینائی سے محروم افراد کے لیے سرگرم خیراتی تنظیم ’گائیڈ ڈاگز فار دی بلائینڈ‘ نے اس فیصلے کو سراہا ہے۔ یاد رہے کہ اس تنظیم نے مذکورہ قانون سازی کے لیے مہم بھی چلا رکھی تھی۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ وہ نئی قانون سازی پر خوش ہیں لیکن ان کو گلا ہے کہ گاڑیوں میں آواز والے آلات لگانے کی سنہ 2021 کی ڈیڈ لائن درست نہیں، بلکہ اس قانون کا اطلاق جلد ہونا چاہئیے تھا۔