مائیکروسافٹ آفس اب آئی پیڈ پر بھی دستیاب

مائیکروسافٹ اپنے صارفین کو ہر قسم کی ڈیوائس پر کام کرنے کی آزادی دینا چاہتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمائیکروسافٹ اپنے صارفین کو ہر قسم کی ڈیوائس پر کام کرنے کی آزادی دینا چاہتی ہے

مائیکروسافٹ نے اپنے آفس سافٹ ویئر کے آئی فون ایڈیشن کے بعد اب اس کا آئی پیڈ ایڈیشن متعارف کروا دیا ہے۔

اس ایڈیشن میں آئی پیڈ استعمال کرنے والے افراد کو مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ تین الگ الگ ایپس کی شکل میں دستیاب ہوں گے۔

ان تینوں پروگراموں کو لمس سے کنٹرول کرنے کی ٹیکنالوجی کے مطابق بنایا گیا ہے تاکہ انھیں استعمال کرنا آسان ہو۔

اس بات کا اعلان مائیکروسافٹ کے نئے چیف ایگزیکٹیو ستیا نڈیلا نے یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سان فرانسسکو میں منعقدہ پہلی اہم تقریب میں کیا۔

ستیا نڈیلا کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ کا یہ عمل اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت کمپنی اپنے صارفین کو ہر قسم کی ڈیوائس پر کام کرنے کی آزادی دینا چاہتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ہماری توجہ کا مرکز ہے کہ آفس ہر قسم کی ڈیوائس پر اپنا کردار ادا کرے۔‘

گذشتہ برس آئی فون استعمال کرنے والے افراد کو مائیکروسافٹ نے آفس سافٹ ویئر کے استعمال کی سہولت فراہم کی تھی تاہم اس کے استعمال کے لیے سالانہ 80 پاؤنڈ کی رقم کی ادائیگی نے اسے زیادہ مقبول نہیں ہونے دیا تھا۔

خیال رہے کہ آئی پیڈ پر دستاویزات کی تدوین کے لیے آفس کے مقابلے میں ڈاکیومنٹس ٹو گو، ہاپ ٹو، کوئک آفس اور خود ایپل کا آئی ورک سوٹ موجود ہے جو یا تو مفت یا پھر انتہائی کم قیمت پر یہی سہولت فراہم کرتے ہیں۔