مستقبل کا موبائل کیسا ہو گا؟

سپین کے شہر بارسلونا میں اس ہفتے موبائل ورلڈ کانگریس منعقد ہو رہی ہے جس میں موبائل ٹیکنالوجی کے مستقبل پر بات ہو گی

،تصویر کا ذریعہFord Motors

،تصویر کا کیپشنسپین کے شہر بارسلونا میں اس ہفتے موبائل ورلڈ کانگریس منعقد ہو رہی ہے جس میں موبائل ٹیکنالوجی کے مستقبل پر بات ہو گی

سپین کے شہر بارسلونا میں اس ہفتے منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں نئے موبائل فونز پر توجہ مرکوز ہو گی جو اس سال مارکیٹ میں آئیں گے۔

اس سال سامنے آنے والے موبائل فونز کی حد تک تو بات درست ہے مگر آج سے 20 سال بعد کیا ہو گا؟

بی بی سی کی ٹیکنالوجی کے نامہ نگار مارک گریگری نے موبائل فونز انڈسٹری کے سرکردہ افراد سے پوچھا اور اس بات کی پیش گوئی کرنے کی کوشش کی کہ ٹیکنالوجی کس جانب بڑھ رہی ہے اور کیا آئندہ چند سالوں میں موبائل فونز باقی رہیں گے یا نہیں؟

سٹیون ٹیلر، نائب صدر سام سنگ یورپ

بہت سے ماہرین کا کہنا ہے پہنے جانے والی ٹیکنالوجی مستقبل میں عام ہو گی

،تصویر کا ذریعہsamsung

،تصویر کا کیپشنبہت سے ماہرین کا کہنا ہے پہنے جانے والی ٹیکنالوجی مستقبل میں عام ہو گی

’اگر میرے پاس اس کا بہترین جواب ہو تو مجھے یقین ہے کہ میں لکھ پتی ہوں گا۔ اس وقت 65 ہزار محقق اور موجد اس سوال کا جواب ڈھونڈ رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ جس رفتار سے صارفین کی ضروریات بدل رہی ہیں اس حساب سے مستقبل کا فون مختلف ہو گا۔ اگر آپ پہنے جانے والی ڈیوائسز کو دیکھیں جو نئی ابھرتی ٹیکنالوجی ہے، یہ اس رخ ہی جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ اتنے عرصے میں فون بہت نادر ہو جائیں گے۔‘

چینی موبائل کمپنی ہواوے کے شاؤ یینگ

’مستقبل میں ہم اس طرح کا فون نہیں اٹھائے ہوئے ہوں گے اور رابطے کا ذریعہ کہیں ہماری جیب میں ہو گا یا میری عینک کے شیشے میں یا میرے کان میں بجتی موسیقی کی صورت میں ہو گا۔‘

سی سی انسائٹ کے تجزیہ کار بین ووڈ

بعض ماہرین کہتے ہیں کہ مستقبل میں موبائل فون مختلف چیزوں میں مدغم ہو جائے گا جیسا کہ کاریں، گھر کی مشینیں، وغیرہ

،تصویر کا ذریعہNewpress

،تصویر کا کیپشنبعض ماہرین کہتے ہیں کہ مستقبل میں موبائل فون مختلف چیزوں میں مدغم ہو جائے گا جیسا کہ کاریں، گھر کی مشینیں، وغیرہ

’20 سال بعد کے موبائل فونز کے بارے میں پوچھنا بہت بڑی بات ہے۔ آپ کاروں کے بارے میں سوچیں، 20 سال قبل ان میں اتنا ترقی نہیں تھی۔ فون اس طرح کے ہی لگ سکتے ہیں جیسے آج ہیں یا پھر اس کے مقابلے میں بدل سکتا ہے یعنی کوئی بیٹری کی چارجنگ کی مدت کا مسئلہ حل کر سکتا ہے جس کی وجہ سے شاید موبائل چھوٹے ہو جائیں گے یا لچک دار ہو جائیں گے۔ مگر ہم موبائل فونز کے ساتھ مختلف رویہ رکھیں گے۔‘

اے آر ایم ہولڈنگ کے جیمز بروس

’میرے خیال میں صرف سمارٹ فون نہیں ہو گے بلکہ یہ پہنے جانے والی ٹیکنالوجی ہو گی جو آپ کے گھر میں ہو گی، آپ کی کار میں آپ کے اردگرد جو آپ کو منسلک رکھے گی۔‘

انٹیل کی صدر رینی جیمز

بعض ماہرین کا خیال ہے موبائل فون ہی صرف اب سمارٹ نہیں رہے گا بلکہ بہت ساری چیزیں سمارٹ ہو جائیں گی جن میں موبائل ٹیکنالوجی شامل ہو گی

،تصویر کا ذریعہPA Wire

،تصویر کا کیپشنبعض ماہرین کا خیال ہے موبائل فون ہی صرف اب سمارٹ نہیں رہے گا بلکہ بہت ساری چیزیں سمارٹ ہو جائیں گی جن میں موبائل ٹیکنالوجی شامل ہو گی

’میرا نہیں خیال کہ 20 سال میں موبائل فونز ہوں گے۔ یعنی میرے خیال میں جو ہو گا وہ شاید اب شروع ہو چکا ہے یعنی موبائل فون ڈیوائسز کا دوسری ٹیکنالوجی کی اشیا میں استعمال اور اشتراک۔ یعنی اپنے اردگرد ٹیک اشیا کے ذریعے رابطے کا ممکن ہونا۔‘

موزیلا کی چیئرپرسن اور بانی مِچل بیکر

’موبائل فون بالکل مختلف ہو گا اور میں یقین سے نہیں کہہ سکتی کہ یہ ایک کیٹگری کے طور پر باقی رہے گا بھی یا نہیں۔ مستقبل میں بہت ساری چیزیں ایسی ہوں گی جو سمارٹ ہیں۔ صرف فون یا ٹیبلٹس یا گھڑیاں یا ورزش کی مشینیں بلکہ ہمارے بجلی کے میٹر، شاید ہمارے جوتے شاید ٹیبلز، ہر قسم کی چیزیں سمارٹ ہوں گی اور یہ سب ہر جانب ڈیٹا بھیج رہی ہوں گی۔‘