ناسا: خلا بازوں نے خراب پمپ کو کامیابی سے بدل دیا

ناسا کا کہنا ہے کہ اب تمام نظام ہفتۂ آخر تک اپنے معمول کے مطابق اپنا کام شروع کر دیں گے
،تصویر کا کیپشنناسا کا کہنا ہے کہ اب تمام نظام ہفتۂ آخر تک اپنے معمول کے مطابق اپنا کام شروع کر دیں گے

امریکی خلائی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ اس کے خلابازوں نے خلا میں چہل قدمی کر کے عالمی خلائی سٹیشن میں ایک خراب پمپ کو کامیابی سے بدل دیا ہے۔

خلا بازوں رِک ماسٹیشیو اور مائیک ہوپکنز نے یہ چہل قدمی ساڑھے سات گھنٹے میں مکمل کی جس کے دوران انھوں نے خراب امونیا کا پمپ بدلا۔

یہ پمپ دو ہفتے قبل خراب ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں خلائی مرکز کا امریکی حصہ ٹھنڈا کرنے کا نظام نصف پر کام کر رہا تھا۔

اس کی وجہ سے تمام غیر ضروری آلات کو بند کر دیا گیا تھا اور کئی سائنسی تجربات بھی روک دیے گئے تھے۔

ناسا کا کہنا ہے کہ اب تمام نظام ہفتۂ آخر تک اپنے معمول کے مطابق اپنا کام شروع کر دیں گے۔

مشن کنٹرول روم نے خلا بازوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ سب سے بہترین کرسمس ہے۔‘

اس کے جواب میں خلاباز ہوپکنز نے کہا ’سب کو کرسمس مبارک ہو اگرچہ اس کام کو کرنے میں دو ہفتے لگے تاہم ہم نے اپنا کام کر لیا‘۔

یہ ان دونوں خلابازوں کی خلا میں اس پمپ کو بدلنے کے لیے تین دنوں میں دوسری چہل قدمی تھی۔

ناسا کا کہنا ہے کہ اس سارے عرصے کے دوران خلائی مرکز کے عملے کے چھ ارکان کو کوئی خطرہ درپیش نہیں تھا۔

اس سے قبل 24 دسمبر سنہ 1999 کو خلابازوں نے خلا میں چہل قدمی کی تھی جس کے دووان انھوں نے خلائی دوربین ہبل کو ٹھیک کیا تھا۔

منگل کو پمپ ٹھیک کرنے کا مشن اپالو کی چاند کے سامنے ابھرتی زمین کی تصاویر کے 45 سال پورے ہونے پر تھا جب اپالو 8 نے سنہ 1968 میں چاند کے گرد چکر لگائے تھے۔