’ایڈز سے عالمی سطح پر اموات میں ڈرامائی کمی‘

- مصنف, ٹیولپ موجمدار
- عہدہ, بی بی سی کی عالمی صحت کی نامہ نگار
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی انفیکشن اور ایڈز کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں ڈرامائی کمی واقع ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ایڈز سے متعلق ادارے یو این ایڈز کے مطابق سال 2005 میں واقع ہونے والی 23 لاکھ اموات کے مقابلے میں گذشتہ سال ایڈز کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 16 لاکھ رہ گئی تھی۔
ساتھ ہی گذشتہ سال تک ایچ آئی وی انفیکشن کے نئے کیس 23 لاکھ رہ گئے جو سال 2001 کی کل تعداد کا ایک تہائی ہیں۔
بچوں میںاور بھی زیادہ کمی دیکھنے میں آئی۔ سال 2001 میں نئے انفیکشنز کے پانچ لاکھ سے زیادہ کیس تھے۔ لیکن سال 2012 تک یہ تعداد آدھی رہ گئی تھی، جو ڈھائی لاکھ سے کچھ زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کے مطابق بچوں میں شرح اموات اور انفیکشن کی شرح میں کمی کی وجہ اینٹی ریٹرو وائرل ادویات تک بہتر رسائی تھی۔ ان ادویات کی مدد سے ایچ آئی وائرس کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
علاج کے بغیر ایچ آئی وی سے متاثرہ لوگوں کو ایڈز کا مرض لاحق ہو جاتا ہے جس سے عام بیماریاں بھی مہلک ہو جاتی ہیں۔

رپورٹ کہتی ہے کہ سال 2012 کے آخر تک جنوبی افریقہ، یوگنڈا اور بھارت سمیت کئی اور وسطی آمدنی والے ممالک میں تقریباً ایک کروڑ لوگوں کو اینٹی ریٹرو وائرل علاج سے فائدہ حاصل ہو رہا تھا۔
علاج کی بہتر رسائی کی وجہ کمیونٹیز کو سستی اور آسانی سے ادویات کا ملنا اور زیادہ لوگوں کا مدد کے حصول کے لیے آگے آنا بتایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
يو این ایڈز کے مطابق سال 2015 تک ایڈز کی تباہی کو روکنے کے اس ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف کی طرف دنیا ’آہستہ آہستہ بڑھ‘ رہی ہے۔
لیکن ادارے کا کہنا ہے سال 2015 تک ایچ آئی وی کے علاج کے ایک کروڑ 50 لاکھ لوگوں تک پہنچانے کے اس ہدف سے زیادہ لوگوں کو علاج کی سہولت مل سکتی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت نے بھی اپنی ہدایات تبدیل کر دی ہیں جن کے تحت اور بھی لوگ علاج کے لیے اہل ہوں گے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جن لوگوں میں انفیکشن کا سب سے زیادہ خطرہ ہے، ان کو ایچ آئی وی کی خدمات مہیا کروانے کا کام سست رفتار سے ہو رہا ہے۔
ساتھ ہی رپورٹ میں عورتوں اور بچیوں کے خلاف جنسی تشدد سے نمٹنے کے لیے اور کام کرنے کی ضرورت کی بات کہی گئی ہے۔ خواتین اور بچیوں کو مردوں کی نسبت انفیکشن ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
طبی ادارے میڈسنز ساں فرانٹیئرز یعنی ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈر ادارے کے صحت پالیسی کے مشیر بیو کولنز کا کہنا ہے کہ ’لاکھوں افراد خاص کر ترقی پذیر ممالک میں لوگوں کو سستے داموں پر ایچ آئی وی کا علاج مہیا کرانے کی سمت میں کافی پیش رفت ہوئی ہے لیکن یہ آرام سے بیٹھنے کا وقت نہیں ہے ہمیں علاج کے لیے بہتر منصوبہ بندی، سستے اور بہترین ٹیسٹ اور خدمات کو جاری رکھنا ہو گا۔‘







