فیس بک صارفین کو معاوضہ ادا کرے گی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اپنے 6,14,000 صارفین کو ان کی مرضی کے بغیر ان کی ذاتی تفصیلات شائع کرنے پر 20 ملین ڈالر معاوضہ ادا کرے گی۔
ان صارفین کی تفصیلات گزشتہ سال فیس بک کی ویب سائٹ پر ایک اشتہار کے ذریعے سامنے آئی تھیں۔
ایک اندازے کے مطابق 150 ملین فیس بک صارفین کے نام اور تصاویر تشہیری کہانیوں میں استعمال کیے گئے تاہم اُن میں سے صرف اُن صارفین کو معاوضہ دیا جائے گا جنھوں نے اس حوالے سے کی جانے والی ای میل کا جواب دیا۔
دوسری جانب فیس بک نے بی بی سی کی جانب سے کی جانے والی درخواست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
امریکہ کی ایک عدالت نے منگل کو ان ادائیگیوں کی منظوری دی۔
فیس بک کے صارفین کا موقف ہے کہ ان کی تفصیلات کو تشہیری کہانیوں کے پروگرام کے تحت مصنوعات کی ترویج کے لیے استعمال کیا گیا اور اس کے لیے انھیں کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔
امریکہ کے جج رچرڈ بورگ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ 15 ڈالر فی صارف ادائیگی نسبتاً بہت کم ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا ثبوت نہیں ملا کہ فیس بک نے کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
جج کے مطابق فیس بک کے صارفین ابھی اس بات کو ثابت نہیں کر سکے کہ انھیں کوئی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عدالت کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق فیس بک نے اپنے صارفین کی تفصیلات شائع کر کے تشیہری کہانیوں کے ذریعے 73 ملین ڈالر کا منافح حاصل کیا۔







