چینی خلائی مشن مکمل، خلاباز زمین پر واپس

چین کے تین خلاباز خلا میں پندرہ دن کی مشن مکمل کر کے بحفاظت واپس زمین پر پہنچ گئے ہیں۔
ان خلابازوں نے شینزو-10 خلائی جہاز پر خلا میں چین کی لیبارٹری تیان گونگ1 تک سفر کیا۔
خلابازوں نے وہاں اپنے تکنیکی اعتبار سے ضروری مشقیں کیں جبکہ خلاباز وانگ یاپنگ نے زمین پر موجود طلبا کو لیکچر بھی دیا۔
شینزو- 10 چین کا پانچواں خلائی مشن ہے جس میں انسان نے سفر کیا۔
اس سے دس پہلے چین نے خلا میں ایک خلا باز کو بھیجا تھا۔
چین کی سرکاری ٹی پر خلائی جہاز کو منگولیا کے علاقے میں زمین پر اترتے ہوئے دکھایا گیا۔
خلابازوں کی زمین پر بحفاظت پہنچنے کی خبر سن کر مشن کا کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا۔
سب سے پہلے مشن کے کمانڈر نائی ہائشنگ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق 1:31 منٹ پر جہاز سے نکلے۔ ان کے بعد وانگ یاپنگ اور ژانگ ژیاگونگ باہر آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چینی میڈیا کے مطابق خلابازوں کو جہاز سے باہر نکلنے سے پہلے اپنے جسم کو زمین کی کششِ ثقل کے ساتھ عادی کرنا تھا۔
نائی ہائشنگ جو پہلے بھی خلائی مشن پر جا چکے ہیں اب چینی خلابازوں میں سے خلا میں سب زیادہ وقت گزارنے والے خلاباز بن گئے ہیں۔
چین کی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے خلا میں 470 گھنٹے گزارے ہیں۔
دریں اثنا وانگ یاپنگ نے جو خلا تک سفر کرنے والی دوسری چینی خاتون ہے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ خلائی لیبارٹری تیان گونگ 1 سے لیکچر دیا۔
چین زمین سے اوپرانسانوں کے کام کرنے کے لیے مستقل طور پر خلائی سٹیشن بنانا چاہتا ہے۔







