سام سنگ نے گیلیکسی ایس 4 منی لانچ کر دیا

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سام سنگ کی مختلف سائزوں میں مصنوعات متعارف کروانے کی پالیسی کامیاب رہی ہے
،تصویر کا کیپشنتجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سام سنگ کی مختلف سائزوں میں مصنوعات متعارف کروانے کی پالیسی کامیاب رہی ہے

سام سنگ نے گیلیکسی ایس 4 فون کا چھوٹا اور سستا روپ لانچ کر دیا ہے جسے ایس 4 منی کا نام دیا گیا ہے۔ اس فون کی سکرین 4.3 انچ ہے جو ایس 3 منی سے تھوڑی سی بڑی ہے۔ اس کے مقابلے پر ایس 4 کی سکرین پانچ انچ ہے۔

کمپنی اگلے ماہ ایک تقریب میں اس فون کو باقاعدہ لانچ کرے گی، لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ فون کب فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ایس 4 اپریل میں لانچ کیا گیا تھا، اور سام سنگ کے مطابق اب تک ایک کروڑ فون ایس 4 فون بک چکے ہیں۔

ایس 4 منی کی تفصیلات اس ہفتے کے آغاز میں انٹرنیٹ پر افشا ہو گئی تھیں۔

سام سنگ کے لیے اب صارفین کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہو گی کہ یہ ایس 4 کا کمزور روپ نہیں ہے بلکہ اس کی اپنی اہمیت ہے۔ گذشتہ برس کمپنی نے جب ایس 3 متعارف کروایا تو اس پر تنقید کی گئی تھی کہ بڑے فون کے مقابلے پر بہت کم طاقت والا فون ہے۔

ٹیکنالوجی کی خبروں کی ویب سائٹ گیگا او ایم نے ایس 3 منی کی لانچ کے موقعے پر لکھا تھا: ’جن لوگوں کو امید تھی کہ ایس 3 منی بڑے فون کا چھوٹا روپ ہے، انھیں مایوسی ہوئی ہو گی۔ یہ فون بجٹ مارکیٹ کے لیے ہے۔‘

ایک اور ویب سائٹ نے لکھا: ’اس قسم کے دوسرے فونوں کے مقابلے پر یہ بہت مہنگا ہے۔‘

ایس 4 منی میں آٹھ میگاپکسل کیمرا ہے، جب ایس 4 کا کیمرا 13 میگاپکسل کا ہے۔ منی کا پروسیسر 1.7GHz ڈوئل کور ہے، جو ایک بار پھر ایس 4 سے کمزور ہے، جس میں کواڈ کور پروسیسر ہے۔

تاہم موبائل کے تجزیہ کار نک ڈلینون کہتے ہیں کہ ہارڈویئر میں اس قسم کی کمیاں سمجھ میں آتی ہیں:

’اس فون کا مقصد یہ ہے کہ بڑے فون کی کچھ خصوصیات کو ایسے صارفین تک پہنچایا جائے جن کی اتنی ضروریات نہیں ہیں، اور جنھیں جدید ترین فیچرز کی کوئی خاص خواہش نہیں ہے۔

وہ پروسیسر، سکرین اور میموری وغیرہ کو کاٹ کر قیمت کم کر رہے ہیں، لیکن تجربہ وہی ہو گا (جو ایس 4 کا ہے۔)‘

سام سنگ نے کہا ہے کہ گیلیکسی ایس 4 کے بہت سے سافٹ ویئر فنکشن منی میں بھی دستیاب ہوں گے۔

ایس 4 سام سنگ کے اس حکمتِ عملی کے تحت ایک اور قدم ہے جس میں صارفین کو قسماقسم کی ڈیوائسز کے انتخاب کا موقع دیا جاتا ہے۔ اس کے مقابلے پر ایپل کمپنی سال بھر میں صرف ایک آئی فون ہی متعارف کرواتی ہے۔

سام سنگ کے مقابلے پر ایپل سال میں صرف ایک آئی فون ہی پیش کرتی ہے
،تصویر کا کیپشنسام سنگ کے مقابلے پر ایپل سال میں صرف ایک آئی فون ہی پیش کرتی ہے

حال ہی میں ایپل کے سربراہ ٹم کک نے کہا کہ ان کی کمپنی بہت سی مصنوعات جاری کر ارتکاز کھونا نہیں چاہتی۔ تاہم انھوں نے مستقبل میں آئی فون کے مختلف روپ لانچ کرنے کے امکان کو رد نہیں کیا۔

’فون کو صحیح طریقے سے بنانے کے لے بہت کام کرنا پڑتا ہے، بہت سا تفصیلی کام، جس میں ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر دونوں کو منظم کرنا پڑتا ہے۔

’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی توانائیوں کو اس چیزوں کو درست طریقے سے کرنے میں صرف کریں۔‘

تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ 20 جون کو ہونے والی تقریب میں سام سنگ کی تقریب میں گیلیکسی برانڈ کی اور مصنوعات بھی متعارف کرائے گا، جن میں ممکنہ طور پر آپٹیکل زوم والا کیمرا شامل ہو گا، اور شاید ایک واٹرپروف فون بھی۔