
ملزم نے ایک ویب سائٹ سے فحش فلمیں خرید کر انھیں آگے تقسیم کر دیا۔
ایک امریکی عدالت نے بٹ ٹورنٹ کے ذریعے فحش فلمیں تقسیم کرنے کے الزام میں ایک امریکی شخص پر پندرہ لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ریاست الی نوئے کی ایک وفاقی عدالت نے فلم بنانے والی کمپنی فلیوا ورکس کو فی فلم ڈیڑھ لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔
یہ فائل شیئرنگ کے کسی کیس میں عائد کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔خیال ہے کہ جرمانہ زیادہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ملزم کائیوین فشر نے اپنے خلاف الزامات کا دفاع نہیں کیا کہ انھوں نے فلمیں چوری کر کے تقسیم کی تھیں۔
فلیوا ورکس نے عدالت میں شواہد پیش کیے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ فشر ہی نے ان فلموں کی فائلیں بٹ ٹورنٹ کی ویب سائٹ پر رکھی تھیں۔
فلیوا نے عدالت میں کہا کہ اس نے فلموں کے اندر مخصوص کوڈ ڈالے ہوئے ہیں۔ ان کوڈز کی مدد سے معلوم ہوا کہ فشر نے یہ فلمیں فلیوا کی ویب سائٹ سے پیسے دے کر خریدیں اور پھر انھیں آگے تقسیم کر دیا۔
فلیوا نے عدالت کو بتایا کہ یہ فلمیں بٹ ٹورنٹ کی ویب سائٹ سے تقریباً ساڑھے تین ہزار بار ڈاؤن لوڈ کی گئیں۔
فلیوا کا دعویٰ ہے کہ فشر نے جان بوجھ کر کاپی رائٹ اور اس کی ویب سائٹ پر سائن اپ کی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
جج جان لی نے کہا کہ فلیوا کی طرف سے پیش کیے جانے والے شواہد اور فشر کی طرف سے اپنا دفاع نہ کرنے کے باعث ان کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کہ وہ کمپنی کے حق میں فیصلہ دیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ فشر اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے یا نہیں۔ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا وہ یہ جرمانہ ادا کر سکتے ہیں یا نہیں۔






























