
’اگر آپ ان علاقوں کا جائزہ لیں جہاں خوراک کم ہے ان علاقوں میں مردوں کی خواتین کی جسامت کے حوالے سے ترجیح مختلف ہو گی‘
برطانیہ کے محققین کا کہنا ہے کہ مرد جب ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں تو بھاری جسامت کی خواتین کی طرف راغب ہونے لگتے ہیں۔
تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جب مردوں کو کوئی ایسا کام کرنے کو دیا جائے جس سے وہ دباؤ میں آئیں تو ایسی صورتحال میں مرد حضرات جسمانی طور پر بڑی خواتین کو ترجیح دیتے ہیں۔
برطانوی ٹیم کی یہ تحقیق پلوس ون نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے۔
اس سے قبل اس تحقیق میں شامل نیو کاسل یونیورسٹی کے ڈاکٹر مارٹن ٹووی اور ان کے ساتھی ڈاکٹر وُرن سوامی نے تحقیق کی تھی کہ کیسے بین الثقافتی اختلافات کے باعث مختلف عورتوں کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔
تاہم اس نئی تحقیق میں یہ معلوم کیا گیا ہے کہ آیا مختلف بین الثقافتی اختلافات ہی صرف اس کی وجہ ہے یا ذہنی دباؤ کا بڑا اثر ہے۔
ڈاکٹر مارٹن ٹووی کا کہنا ہے ’اگر آپ ان علاقوں کا جائزہ لیں جہاں خوراک کم ہے ان علاقوں میں مردوں کی خواتین کی جسامت کے حوالے سے ترجیح مختلف ہو گی۔ لیکن ان علاقوں میں مردوں کی خواتین کے حوالے سے ترجیح مختلف ہو گی اور وہ بھاری جسامت کی خواتین پسند کریں گے جہاں خوراک کی قلت نہیں ہے اور ذہنی دباؤ بھی نہیں۔‘
اس تحقیق کے لیے مردوں کے ایک گروپ کے انٹرویوز کیے گئے اور ان سے تقریر کروائی اور پھر ان کی خواتین کے حوالے سے ترجیح کا موازنہ اس گروپ کے ساتھ کیا جن پر کوئی ذہنی دباؤ نہیں ڈالا گیا تھا۔
اس سے معلوم ہوا ہے کہ ذہنی دباؤ میں ڈالے گئے مرد حضرات کو بھاری جسامت کی خواتین پسند آئیں۔
ڈاکٹر ٹووی کا کہنا ہے ’ اگر آپ کم آمدنی کے علاقوں سے زیادہ آمدنی کے علاقوں کی جانب جائیں تو اٹھارہ ماہ کے عرصے میں عورتوں کے حوالے سے مردوں کی ترجیحات تبدیل ہوتی ہیں۔ ارتقائی نفسیات کے حوالے سے دیکھا جائے تو آپ اپنی پسند ماحول کی مناسبت سے تبدیل کرتے ہیں۔






























