آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شمالی امریکہ میں ریکارڈ سردی تو سڈنی میں 79 سال بعد ریکارڈ گرمی
ایک طرف اگر شمالی امریکہ میں ریکارڈ سردی پڑ رہی ہے تو دوسری طرف آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں گذشتہ 79 سال میں گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سڈنی کا درجۂ حرارت اتوار کو 47.3 سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
شدید گرمی کی وجہ ہزاروں افراد بجلی کے بغیر رہ رہے ہیں جبکہ امدادی ادارے بے گھر افراد کو پانی فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سڈنی کے مغرب پینرتھ علاقے میں رہائشیوں نے سب سے زیادہ گرمی کی شدت محسوس کی۔
سڈنی کے وسیع تر علاقے میں آتشزدگی کا سخت انتباہ جاری کیا گیا اور شہر میں آگ جلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اتوار کا درجۂ حرارت سنہ 1939 کے ریکارڈ کردہ 47.8درجۂ حرارت سے ذرا پیچھے رہ گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیورو آف میٹرولوجی نے تصدیق کی کہ دن کا گرمی سے نڈھال کر دینے والا درجۂ حرارت پینرتھ میں ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق امریکہ اور کینیڈا کے بعض علاقوں میں درجۂ حرارت منفی 29 ڈگری تک گر سکتا ہے۔
طوفان کے سبب اٹھنے والی اونچی اونچی لہریں جو نیو انگلینڈ کے ساحلی حصوں میں سیلاب کا سبب بن گئی تھیں وہ منجمد ہو گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس شدید موسم میں ابھی تک امریکہ میں 19 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کینیڈا میں مرنے والوں کی تعداد دو ہے۔
شمالی اور جنوبی کیرولینا میں چار اموات ٹریفک حادثات کے سبب ہوئیں جبکہ باقی اموات وسکانسن، کنٹکی اور ٹکسس میں ہوئیں۔
فلاڈلفیا میں ایک کار ایک ڈھلان پر نہ رک سکی اور وہ ایک ٹرین سے جا ٹکرائي جس میں کار میں سوار شخص کی موت ہو گئی۔
دوسری جانب ایشز سیریز کے پانچویں آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کھلاڑی آسٹریلیا کے بالروں کے ساتھ ساتھ گرمی سے بھی بے حال ہو رہے تھے۔ یہ آسٹریلیا میں کسی بھی ٹیسٹ میچ کے دوران سب سے زیادہ گرم دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سڈنی انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو منتظمین نے مقامی وقت کے مطابق دس بجے اس وقت رخصت کردیا جب درجۂ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔
فرانس کی کرسٹینا ملادینووچ نے آسٹریلیا کی ایلن پیریز کے ساتھ میچ میں کھیل کے درمیان ریٹائر ہونے کے بعد معذرت کی۔
انھوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’43 ڈگری ہے لیکن جب شروع ہوا تو کورٹ میں شاید 50 ڈگری تھا۔ میں مداحوں سے معذرت کرتی ہوں۔ میرے خیال میں یہ میرے کیریئر میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ میں میچ سے ریٹائر ہوئی ہوں۔
صحافی جیمی پیندارام نے بھی ٹوئٹر پر لکھا کہ گرمی کی وجہ سے فوٹوگرافرز اپنا کام نہیں کر سکتے تھے۔
اتوار کو گریٹر سڈنی کے علاقوں میں آگ پر پابندی لاگو کر دی گئی تھی تاکہ جنگل کی آگ کے خطرے سے بچا جا سکے، جو کہ آسٹریلیا میں گرمیوں کے دوران ایک معمول ہے۔