انڈیا میں سوزوکی گاڑیوں کی فیکٹری بند کرانے والا تیندوا پکڑا گیا

انڈیا میں جنگلی حیات کے حکام نے 36 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد اس تیندوے کو پکڑ لیا ہے جس کی وجہ سے گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی سوزوکی کا پلانٹ بند ہو گیا تھا۔
انڈین دارالحکومت دہلی کے قریب شہر مانیسر میں واقع سوزوکی کی فیکٹری میں ایک بڑے آپریشن کے نتیجے میں تیندوے کو تلاش کیا گیا۔
حکام نے تیندوے کو بے ہوشی کے انجکشن لگائے اور اس کے بعد ہی اسے پکڑنا ممکن ہو سکا۔
تیندوے کو پہلی بار جمعرات کو فیکٹری میں سی سی ٹی وی پر دیکھا گیا تھا اور اس کے بعد اسے فیکٹری میں مختلف جگہوں پر متعدد بار دیکھا گیا۔
اس کے بعد رات کو فیکٹری میں کام کرنے والے ملازمین کا فوری طور پر انخلا کیا گیا اور کمپلیکس کو بند کر دیا گیا۔
یہ فیکٹری انڈیا میں کاریں تیار کرنے والا سب سے بڑا پلانٹ ہے جہاں پر ایک برس میں تقریباً دس لاکھ گاڑیاں تیار کی جاتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ جنگلی جانوروں کی ایک حالیہ مردم شماری کے مطابق بھارت میں تیندووں کی آبادی 12 ہزار سے 14 ہزار کے درمیان ہے۔
انڈیا میں تیندوے آبادی والے علاقوں میں اکثر دکھائی دیتے ہیں اور انسانوں پر حملوں کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔
جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جب تک انسانوں کی جانب سے جانوروں کے علاقوں پر قبضے جاری رہیں گے تب تک ایسے واقعات پیش آتے رہیں گے۔








